آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
1947 کے اخبار: آزادی کے دن، سرخیوں میں فاقے
- مصنف, اسد علی
- عہدہ, بی بی سی اردو، لندن
(پندرہ اگست تک آپ ہر روز تین اخبارات ڈان، دی ہندوستان ٹائمز اور ایسٹرن ٹائمز میں 70 برس پہلے شائع ہونے والےخبروں کا خلاصہ یہاں پڑھ سکیں گے)
دی ایسٹرن ٹائمز
صحرائی علاقوں میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے سندھ میں تقریباً دو لاکھ افراد کو قحط کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سندھ کی حکومت متاثرین میں رعایتی نرخوں پر تقسیم کے لیے تین لاکھ ٹن خوراک روانہ کر رہی ہے۔
علاقے کی نہروں میں میں اضافی پانی بھی چھوڑا جا رہا ہے جس سے جانوروں کے لیے چارے کی پیداوار میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ خوراک کے لیے امدادی فنڈ میں پچاس ہزار روپے رکھے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ کا پرچم
اقلیتوں کی نمائندگی کے لیے مسلم لیگ کے پرچم میں سفید پٹی کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ معلومات کے مطابق مسلم لیگ کی ہائی کمان نے پارٹی کے موجودہ پرچم کے نچلے حصے میں اقلیتوں کی نمائندگی کے لیے سفید پٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے کے فضل حق
بنگال کے سابق وزیر اعلیٰ اے کے فضل حق نے کہا ہے کہ 'میں ان لوگوں کے لیے جان دینے میں ذرا نہیں ہچکچاؤں گا جنہیں میں نے ہمیشہ اپنا بھائی بہن سمجھا ہے۔' وہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ انہیں یہ سن کر دکھ پہنچا ہے کہ برسل سے ہندو اپنے گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مقامی مسلمان رہنماؤں کو اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا چاہیے۔
ہندوستان ٹائمز
امرتسر میں فرقہ وارانہ صورتحال (دو اگست) کشیدہ رہی۔ تشدد کے سولہ واقعات پیش آئے جن میں چھ قتل، پانچ خنجر زنی کے واقعات اور چار بم دھماکے شامل ہیں۔ مقبول پورہ میں ایک نئے تعمیر شدہ گھر کو آگ لگا دی گئی۔ ایس پی ایل وی ڈین نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں وارداتیں تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں۔
کلکتہ سے پنجابی پولیس کا انخلا
معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کلکتہ میں تعینات مسلح پنجابی پولیس ڈھاکہ میں ایسٹرن رائفلز کی جگہ لے گی اور ایسٹرن رائفلز کو مغربی بنگال روانہ کیا جا رہا ہے۔ اس عمل کا آغاز 6 اگست سے ہوگا۔