آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چینی شہریوں کی ہلاکت: کورین شہری کا ویزا منسوخ
پاکستان کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے غیر قانونی طور پر کوئٹہ میں اردو زبان کی اکیڈمی کھولنے کی وجہ سے ایک کورین شہری کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسی سکول میں ممکنہ طور پر دو دو چینی شہری کام کر رہے تھے جنھیں اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے اغوا کے بعد ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں دولتِ اسلامیہ نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے ایک پیغام میں کہا تھا کہ اس کے جنگجوؤں نے ایک چینی مرد اور خاتون کو ہلاک کر دیا ہے۔ ان دونوں کو مئی میں بظاہر سکیورٹی افسران نظر آنے والے مسلح افراد نے کوئٹہ شہر کے جنوب مغرب سے اغوا کیا تھا۔
وزراتِ داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ 'اس بات کا تعین ہوگیا ہے کہ اغوا کے واقعے کے بعد جنوبی کوریا کے شہری وان سبو الیاس گلبرٹ پاکستان میں بزنس ویزے پر تھے تاہم انھوں نے یہاں اردو کی اکیڈمی کھول رکھی تھی اور وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔'
یاد رہے کہ دونوں چینی باشندے اغوا کے وقت ایک اور چینی خاتون کے ہمراہ خریداری کے لیے بازار میں موجود تھے۔
رواں ماہ کے آعاز میں وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ چینی جوڑا لی زنگ یانگ اور مینگ لی سی مبلغ تھے تاہم وہ یہ ظاہر کر رہے تھے کہ وہ زبان کے استاد ہیں۔ یہ کہہ کر وہ ویزا قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے اور اس نے ان کے اغوا میں بھی کردار ادا کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چین کا کہنا ہے کہ وہ یہ تحقیقات کرے گا کہ کیا وہ جوڑا ایک ایسے ملک میں اپنی تبلیغی سرگرمیاں کر رہا تھا جہاں 98 فیصد افراد مسلمان ہیں۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ چینی جوڑے کو نہ صرف سکیورٹی خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا بلکہ انھیں تحفظ فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی تھی تاہم چینی جوڑے نے اس سے انکار کر دیا تھا۔
پاکستان میں چینی شہریوں کا اغوا ایک غیر معمولی واقعہ ہے اور ملک میں چینی باشندوں کی بڑھتی ہوئی آبادی تعداد کے پیش نظر یہ صورتحال خطرناک ہے۔