’جمائما کو عمران کی منی ٹریل کے 15 برس پرانے ثبوت مل گئے‘

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈسمتھ نے کہا ہے کہ انھیں عمران خان کو عدالت میں بےقصور ثابت کرنے کے لیے 15 سال پرانی بینک سٹیٹمنٹس مل گئی ہیں۔

جمعرات کو ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے جمائما گولڈسمتھ نے کہا کہ 'آخر کار 15 سال پرانی بینک سٹیٹمینٹس مل گئی ہیں جو عمران خان کی منی ٹریل / معصومیت عدالت میں ثابت کر سکتی ہیں۔ اب اصل مجرموں کو پکڑیں۔'

عمران خان نے اس ٹویٹ کے جواب میں جمائما خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں آپ پر فخر ہے جمائما، شکریہ۔'

خیال رہے کہ منگل کو عدالت عظمیٰ نے عمران خان سے بنی گالہ کی اراضی خریدنے سے متعلق منی ٹریل اور بیرون ممالک سے جماعت کو حاصل ہونے والی فنڈنگ کے بارے میں تفصیلات طلب کی تھیں۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی طرف سے اثاثے چھپانے کے الزام میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے۔

اسی روز عمران خان نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا تھا کہ 'سپریم کورٹ میرے مقدمے میں تحقیقات کرے یا جے آئی ٹی بنائے، میرا یہ چیلنج ہے، وہ جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ اسی نتیجے پر پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے لندن فلیٹ سنہ 1983 میں کرکٹ سے حاصل ہونے والی قانونی رقوم سے خریدے، سنہ 2003 میں سے فروخت کیا اور بینک کے ذریعے قانونی طریقے سے پیسے واپس لے کر آیا۔'

ان ٹویٹس کے جواب میں جمائما گولڈسمتھ نے بھی ایک لفظ 'سچ' کے ساتھ اپنے ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ منگل کو ہونے سماعت کے دوران بھی عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا تھا کہ یکم رمضان کو ان کے موکل کی سابق اہلیہ جمائمہ خان سے بینک اکاؤنٹس اور دیگر تفصیلات کے حصول کے لیے رابطہ ہوا تھا۔

اُنھوں نے امکان ظاہر کیا کہ جمائما خان کی طرف سے جلد دستاویزات مل جائیں گی جو عدالت میں پیش کر دی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہا کہ جمائما سے دستاویزات کے حصول میں وقت اس لیے لگ رہا ہے کہ دستاویزات پرانی ہیں۔