آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کوئٹہ میں فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی ہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک پولیس آفیسر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔
دونوں اہلکاروں پر حملہ جیل روڈ ہدہ میں کیا گیا۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق صدر پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کوئٹہ پولیس کے ڈی ایس پی عمر رحمان اور انسپیکٹر بلال نماز کی ادائیگی کے لیے جامع مسجد ہدہ گئے تھے۔
پولیس اہلکار کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے مسجد کے قریب ان پر حملہ کیا۔ اس حملے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
دونوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈی ایس پی عمر رحمان زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
اس سے قبل ڈی ایس پی عمر رحمان کے بھائی ڈی ایس پی شمس بھی پولیس لائن میں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیراعلیٰ نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے حکام کو واقعہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
کوئٹہ میں رواں سال کے دوران پولیس اہلکاروں پر یہ چوتھا حملہ ہے۔
اس سے قبل تین حملوں میں ایک سب انسپیکٹر سمیت تین اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
گذشتہ سال بھی بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے دیگر واقعات میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔