آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
مردم شماری کی ٹیم پر خودکش حملہ، ’پانچ فوجی اہلکاروں سمیت سات ہلاک‘
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مردم شماری کے عملے کی سکیورٹی ٹیم پر ایک خودکش حملے میں پانچ فوجی اہلکاروں سمیت کم از کم سات افراد ہلاک اور 19 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکومتِ پنجاب کے ترجمان ملک احمد خان نے بتایا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق تین رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی آئی جی پنجاب کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران حملے کا نشانہ بننے والی وین کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اس سے قبل ملک احمد خان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ حملہ ایک خودکش حملہ آور نے کیا۔
یہ دھماکہ لاہور کینٹ کے علاقے بیدیاں روڈ پر بدھ کی صبح ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مقامی دکانیں بند کروا دی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکومتِ پنجاب کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق اس واقعے میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے اور شدید زخمیوں کو جنرل ہسپتال اور سی ایم ایچ ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہلاک ہونے والے فوجیوں کی نمازجنازہ میں لاہور میں ادا کی گئی ہے جس میں کور کمانڈر اور وزیراعلیٰ و گورنر پنجاب سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
پاکستان کے شعبہِ شماریات کی جانب سے اس واقعے کے بعد جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ صبح 8 بج کر 20 منٹ پر ہوا۔ بیان کے مطابق حملے کے وقت گاڑی میں 17 فوجی اہلکار سوار تھے اور ہلاک ہونے والے عام شہریوں میں اس نجی گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔
پاکستان میں 19 سال کے بعد مردم شماری کروائی جا رہی ہے جس کا عمل پندرہ مارچ سے شروع ہوا تھا۔
یاد رہے کہ لاہور میں رواں برس دو بڑے دھماکے ہو چکے ہیں جن میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
اس سال کے آغاز میں لاہور کے مرکزی علاقے میں مال روڈ پر ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔ دھماکہ پنجاب اسمبلی کے قریب چیئرنگ کراس کے مقام پر جاری احتجاجی مظاہرے میں ہوا۔
اس کے علاوہ لاہور شہر کے متمول علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی کمرشل مارکیٹ میں واقع ایک ریستوران کی عمارت میں ہونے والے ایک دھماکے میں نو افراد ہلاک جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے تھے۔