الطاف حسین یونیورسٹیوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری

سندھ کی کابینہ نے پیر کے روز ایک مسودۂ قانون منظور کیا ہے جس کے تحت کراچی اور حیدر آباد میں واقع الطاف حسین یونیورسٹیوں کے نام تبدیل کر دیے جائیں گے۔

صوبائی وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں ان یونیورسٹیوں کے نام فاطمہ جناح یونیورسٹی رکھے جائیں گے۔

کراچی میں واقع یونیورسٹی کا نام عبدالستار ایدھی یونیورسٹی اور حیدر آباد کی یونیورسٹی کا نام فاطمہ جناح یونیورسٹی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے بانی کے نام پر قائم کی جانے والی الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کے بل کی حمایت کی۔

بعدازاں نثار کھوڑو نے کہا کہ کراچی میں بنائی جانے والی یونیورسٹی کا نام 'عبد الستار ایدھی' کے نام پر رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں سندھ اسمبلی نے کراچی اور حیدر آباد میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے بانی الطاف حسین کے نام سے ایک، ایک یونیورسٹی کے قیام کے بل کی منظوری دی تھی۔

متحدہ قومی موومنٹ کی ویب سائٹ پر شائع کیے گئے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے حکومت سندھ کی جانب سے کراچی اورحیدرآباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کی مذمت کی ہے۔