سپریم کورٹ کے حکم پر عامر لیاقت کا پروگرام بند

پاکستان کی سپریم کورٹ نے نجی ٹی وی چینل بول کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ پر پابندی عائد کر دی ہے اور عدالت نے نجی ٹی وی انتظامیہ سے کہا ہے کہ تاحکمِ ثانی اس پروگرام پر پابندی برقرار رہے گی۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالت نے نجی ٹی وی کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود اگر مذکورہ پروگرام نشر کیا گیا تو متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بول ٹی وی کے پروگرام ’ایسا نہیں چلے گا‘ کے خلاف پیمرا کی اپیل کی سماعت پیر کو جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے آغاز پر بول نیوز ایگزیکیٹو آفیسر عثمان شاہد نے عدالت کو بتایا کہ بول ٹی وی کو کوئی عدالتی نوٹس موصول نہیں ہوا جس پر بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر اُنھیں کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا تو پھر وہ کمرہ عدالت میں کیا لینے آئے ہیں۔

سماعت کے دوران پیمرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پیمرا کے حکم اور عدالت میں زیر سماعت معاملے کے باوجود یہ پروگرام نشر کیا جا رہا ہے، جس پر جسٹس امیر ہانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بول ٹی وی کی انتظامیہ کے نمائندے سے استفسار کیا کہ بول ٹی وی پروگرام خود روکے گا یا ہم حکم جاری کریں۔

عدالت نے بول کی انتظامیہ کے نمائندے سے کہا کہ وہ اس بارے میں ابھی تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کریں جس پرایگزیکیٹو افسر بول ٹی وی نے عدالت کو مذکورہ پروگرام ’ایسا نہیں چلے گا‘ بند کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

عدالت نے پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کی طرف سے پیمرا کی درخواست کے ساتھ فریق بننے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ایک ہی درخواست کے ساتھ متعدد درخواستیں نہیں لے سکتے، اس لیے متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔

سپریم کورٹ نے اس درخواست کی سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی ہے۔

سماعت کے بعد چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اُن کا ادارہ ٹی وی چینلز کے ساتھ افہام و تفہیم سے معاملات چلانا چاہتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ نفرت انگیز مواد کو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو بھی ٹی وی چینل نفرت انگیز مواد چلائے گا اس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ابصار عالم نے کہا کہ کچھ لوگ ذاتی تشہیر کے لیے مذہب کا نام استعمال کر رہے ہیں اور ذاتی مفاد کے لیے اداروں کو گھسیٹا جارہا ہے۔