نصیرآباد: حملے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک

بلوچستان

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک پولیس افسر سمیت دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

نصیر آباد پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس افسر پر حملہ ڈیرہ مراد جمالی ٹاؤن میں ہوا۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ سینیچر کی شب ڈیرہ مراد جمالی پولیس کے سابق ایس ایچ او اور سی آئی اے پولیس کے موجودہ انچارج انسپیکٹر جان محمد کلاچی ایک کار میں اپنے گھر کی جانب جارہے تھے۔

گھر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں انسپیکٹر اور ان کے نجی محافظ ہلاک ہوگئے جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوئے ۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے محافظ اور زخمی ہونے والے دیگر دو افراد سویلین اور پولیس انسپیکٹر کے قریبی رشتہ دار تھے۔

ہلاک ہونے والے ایس ایچ او پر اس سے قبل بھی دو بم حملے ہو چکے تھے۔

اس واقعے کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاہم ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی میں گذشتہ سال بھی پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے سیکورٹی سے متعلق اداروں کے اہلکاروں پر بھی کمی و بیشی کے ساتھ حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

گذشتہ سال بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے دیگر واقعات میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں ڈیڑھ سو سے زیادہ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔