بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے باعث ہلاکتیں 17 ہو گئیں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

کوئٹہ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے کنٹرول کے مطابق ان میں سے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چار افراد کی ہلاکت جمعرات کو کوئٹہ شہر کے علاقے نواں کلی میں چھت گرنے کی وجہ سے ہوئی۔

اس علاقے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور تین بچے شامل تھے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ شیرانی، مستونگ، چمن اور دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کی وجہ سے چھتیں گرنے اور دیگر واقعات کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔

بارشوں کے باعث کوئٹہ، مستونگ، نوشکی اور دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کوئٹہ میں جن علاقوں میں مکانات کو نقصان پہنچا ہے ان میں سریاب، سبزل روڈ، نواں کلی اور خروٹ آباد کے علاقے شامل ہیں۔

سریاب میں نیو کاہان میں گھروں کے گرنے اور کلی گوگڑائی میں جھگیوں میں پانی داخل ہونے سے ان کے مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

ان علاقوں کے مکینوں کے مطابق تاحال ان کی مدد کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

تاہم پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں اب تک 9485خیمے،6649کمبل،4520پلاسٹک شیٹس،4160ہائی جینک کٹس،5390سلیپنگ بیگزاور دیگر امدادی اشیاء بھجوائے گئے ہیں جو متاثرین میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔