آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
لاپتہ بلاگرز کی فوری بازیابی قومی مفاد میں ہے، ایچ آر سی پی
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ دنوں کئی بلاگرز کے لاپتہ ہونے کے بعد، سول سوسائٹی کے سرگرم کارکنوں میں عدم تخفظ کے احساس پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ بلاگرز کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
سنیچر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ایچ آر سی پی کا کہنا تھا کہ 'حکام یقینا چار بلاگرز کے لاپتہ ہونے کے بعد پیدا ہونے والے عدم تحفظ کے ماحول سے آگاہ ہیں۔'
'بےچینی صرف چار بلاگرز کے لاپتہ ہونے کے بعد نہیں بلکہ ان بلاگرز کے خلاف آن لائن غلط مہم سے بھی پھیل رہی ہے۔'
ایچ آر سی پی کا کہنا تھا کہ جنہوں نے بھی یہ کام کیا ہے، انہوں نے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں کی بلکہ پاکستان کے تشخص کو خراب کیا اور اب پاکستان کا شمار ایسے ملکوں میں ہونے لگا ہے جہاں سائبر سپیس میں اپنی رائے کا اظہار کرنے والے غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔
تنظیم کا کہنا تھا کہ ریاست اور حکومت کو ان وجوہات پر غور کرنا چاہیے جس کے باعث ان بلاگرز کے لاپتہ ہونے پر سکیورٹی ایجنسیوں پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔
ایچ آر سی پی کے بقول لاپتہ ہونے والے بلاگرز نے اگر کچھ غلط کیا بھی ہے تو تب انہیں اس طرح اٹھانا غلط ہے اور اگر واقعی ایسا ہے تو قانون پر عمل کیا جائے اور عدالتوں کو ان کیسوں کی سماعت کا موقع ملنا چاہیے۔
'بغیر کسی تاخیر کے ان بلاگرز کی بازیابی سب کے مفاد میں ہے۔ اور یہ بات بھی سمجھ لینی چاہیے کہ قومی مفاد اسی میں ہے کہ قانون کا احترام کیا جائے اور طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔'
ایچ آر سی پی نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ سول سوسائٹی کے سرگرم کارکنوں اور بلاگرز کو یقین دلائے کہ حکومت ان کے حقوق کی خلاف ورزی کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور انہیں ایسا پرامن ماحول فراہم کرنے کی بھی جس میں رائے کا اظہار ممکن ہو۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ چار سماجی اور سوشل میڈیا کارکنان سلمان حیدر، عاصم سعید، وقاص گورایہ، اور احمد رضا کی گمشدگی کے بعد اب ایک اور سماجی کارکن ثمر عباس لاپتە ہو گئے ہیں۔