شراب کے چینی بیوپار کے خلاف مقدمہ درج

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک چینی باشندے کو شراب فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے شراب کی 112 بوتلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

تھانہ جٹیال کے پولیس اہلکار شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کے مقامی ہوٹل میں چینی باشندے ژانگ سے اعلیٰ کوالٹی کی شراب کی 112 بوتلیں، 150 تھیلے اور شراب کے 14 پیکٹ برآمد کر لیے ہیں۔

صحافی انور شاہ نے بتایا کہ پولیس کے مطابق پکڑی جانے والے شراب کی قیمیت لاکھوں میں ہے، جس کے بعد ژانگ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف تھانہ جٹیال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ہوٹل کو سیل کر دیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار چینی باشندے نے تفتیش کے دوران اعلیٰ معیار کی شراب تیار کرنے والے مشینوں کے موجودگی کے انکشافات بھی کیے ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ اس سے پہلے بھی گلگت کے مختلف علاقوں میں شراب کا کاروبار کرنے پر تین چینی باشندوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گلگت میں منشیات کے خلاف بننے والی سپیشل فورس نے چند دن پہلے بھی ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پانچ سو لیٹر سے زائد شراب برآمد کی تھی، جبکہ شراب بنانے والی بھٹی کو بھی قبضے میں لے لیا تھا۔

علاقے کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی شراب سے پچھلے سال ہلاکتوں کے واقعات بھی سامنے آئے تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی پشاور میں زہریلی شراب پینے سے مسیحی برادری کے پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔