آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی آئی اے کے 34 مسافروں کی شناخت مکمل
- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے گذشتہ ہفتے تباہ ہونے والے طیارے کے 34 مسافروں کی شناخت مکمل ہو گئی ہے جب کہ توقع ہے کہ باقی 13 مسافروں کی شناخت جعمہ تک مکمل کر لی جائے گی۔
معروف نعت خواں جنید جمشید کی میت بھی شناخت کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے جسے آج رات سی 130 کے طیارے کے ذریعے کراچی تدفین کے لیے لے جایا جائے گا۔
وفاقی وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے میڈیا کو اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا اتنے بڑے سانحے کے بعد لاشوں کو ایک جگے رکھنا ممکن نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ روات کے سرد خانے میں سب کو رکھا گیا جہاں ان کی شناخت کا عمل اور ٹیسٹ بھی کیے جاتے رہے۔
واضح رہے کہ اس حادثے میں پاکستان کے نامور نعت خواں 52 سالہ سالہ جنید جمشید اپنی اہلیہ کے ہمراہ چترال میں تبلیغی دورے کے بعد اسلام آباد جا رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پی آئی کی چترال سے اسلام آباد جانے والی پرواز حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی تھی جس میں عملے کے پانچ ارکان سمیت تمام 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ماضی کے معروف پاپ گلوکار جنید جمشید نے میوزک بینڈ وائٹل سائنز سے شہرت حاصل کی تھی۔
وہ لاہور میں واقع یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے فارغ التحصیل تھے۔
سنہ 1987 میں ان کے گیت 'دل دل پاکستان' نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا اور ان کے بینڈ کو پاکستانی 'پنک فلوائڈ' کے نام سے بھی یاد کیا جاتا تھا۔
جنید جمشید نے سنہ 2000 کے عشرے میں گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا اور مذہب کی تبلیغ اور حمد و نعت سے وابستہ ہوگئے تھے۔