لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لفٹینیٹ جنرل نوید مختار کو ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل وہ کور کمانڈر کراچی کے فرائص انجام دے رہے تھے۔

اس علاوہ کے فوج میں ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت اہم عہدوں پر تبادلے اور تقرریاں بھی کی گئی ہیں۔

اتوار کو فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل سٹاف جبکہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کو نینشل ڈیفنس یونیورسٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر اس سے قبل تک ڈی جی رینجرز سندھ کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

بیان کے مطابق آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آرمز مقرر کیا گیا ہے۔

وہ سنہ 2012 سے آئی ایس پی آر کے سربراہ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ اُن کے تبادلے کے بعد آئی ایس پی آر کے ڈی جی کا عہدے خالی ہے۔

پاکستان کی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نینشل ڈیفنس یونیورسٹی کے موجودہ صدر لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ کو کور کمانڈر پشاور مقرر کیا گیا ہے۔

موجود کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن کے عہدہ دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے چند روز قبل فوج میں سات میجرز جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو انسپکٹر جنرل سی اینڈ آئی ٹی مقرر کیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے قاضی اکرام کو جی ایچ کیو میں چیف آف لاجیسٹک سٹاف مقرر کیا گیا ہے۔

سابق ڈی جی ایف سی اور اب لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے شیر افگن کو کمانڈر بہاولپور لگایا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو ڈی جی ایف ڈبلیو او مقرر کیا گیا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف کا عہدے سنھبالنے کے بعد فوج میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے ہو رہی ہیں۔ اس سے پہلے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو فوج کی سب سے بڑی 10 کور کا کمانڈر تعینات کیا گیا تھا۔

اس کور کی کمانڈ کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کو جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی جوائنٹ سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔