'مائنس ون شریف'

    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

سوشلستان میں شریفوں کا چرچا ہے اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ یہ کن شریفوں کا ذکر ہو رہا ہے۔ ایک جنرل راحیل شریف ہیں اور دوسرے میاں نواز شریف۔ تو چلیے ان دونوں کے حوالے سے سوشسلتان میں کیا چل رہا ہے اس بارے میں جانتے ہیں۔

'طوطا فال بریگیڈ کے دور کا خاتمہ'

ندیم فاروق پراچہ نے لکھا 'نواز شریف اور جنرل راحیل نے ایک ٹیم کی حیثیت سے اچھا کام کیا۔ میں سمجھتا ہوں وزیراعظم کا نئے فوجی سربراہ سے تعلق مزید بہتر ہو گا۔ یہ طوطا فال نکالنے والی بریگیڈ کے دورکا خاتمہ ہے۔'

عباس ناصر کی ٹویٹ ہے کہ 'میڈیا میں کچھ لوگ جنہوں نے چیخ چیخ کر فوج کو حکومت کے خلاف کھڑا کرنے کی پوری کوشش کی اب اپنی امیدیں نئے فوجی سربراہ سے جوڑ رہے ہیں۔ یارو انھیں آنے تو دو۔'

خالد منیر نے لکھا 'فوج کی اعلیٰ قیادت کو منتخب وزیراعظم کے پیچھے کھڑا دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔ جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو رہی ہیں۔'

پی ٹی آئی اے کے ترجمان فواد حسین چوہدری نے لکھا 'زبردست اننگز جنرل راحیل شریف۔ آپ کے جانشین کے لیے آپ کی نقشِ قدم پر چلنا آسان نہیں ہو گا۔'

اور ڈاکٹر فیصل رانجھا نے کی ٹویٹ کہ 'آج باڈی لینگویج ایکسپرٹس کی اپنی باڈی سے ٹیسیں اٹھ رہی ہیں۔ وہ سارے جو 3 سال کی توسیع، فیلڈ مارشل کا عہدہ اور مارشل لال لگوا رہے تھے وہ اب نئے چیف کی تقرری کے بارے میں تجزیے کر رہے ہیں۔'

ساتھ ہی انھوں نے لکھا 'ایک ابھرتے ہوئے طاقتور وزیراعظم امید ہے وہ اپنا سیاسی سرمایہ ضائع نہیں کریں گے۔'

ڈاکٹر عبدالسلام کی 20ویں برسی

ااس ہفتے ڈاکٹر عبدالسلام کو گزرے ہوئے بیس برس ہو گئے۔ پاکستان کے لیے نوبل انعام حاصل کرنے وال سائنسدان کی یاد میں چند ٹی وی پروگرامز اور کچھ ٹویٹس کی گئیں۔

مرزا طلحہ احمد نے لکھا 'اس دھرتی کا عظیم سپوت، جسے ریاست نے نظر انداز کیا اور لوگوں نے ہراس کیا۔'

مرزا نصر احمد جو ڈاکٹر عبدالسلام کے جنازے میں شریک ہوئے نے لکھا۔ مجھے اب بھی یاد ہے جب اُن کی میت پاکستان پہنچی تھی کوئی پروٹوکول نہیں، کوئی سرکاری اہلکار نہیں تھا۔'

عمیر جسوال نے لکھا 'ہمیں اپنے ہیروز کی عزت کرنے کی ضرورت ہے ان کے مذہب، عقائد اور نسل کی تمیز کیے بغیر۔ ہم بحیثیت پاکستانی قوم کے بھلا دیے جائیں گے اگر ہم اپنے ہیروز کو یاد نہیں رکھیں گے۔'

اس ہفتے کا تعارف

اس ہفتے ذکر کریں گے گلالئی اسماعیل کا جن کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہیں جنہیں حال میں فرانس کے سابق صدر یاک شیراک کی فاؤنڈیشن کی جانب سے انعام دیا گیا ہے۔ گلالئی اویئر گرلز یعنی آگاہ لڑکیاں کے نام سے تنظیم چلاتی ہیں۔

اس ہفتے کی تصاویر