’بلوچ عوام نے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو مسترد کیا‘

،تصویر کا ذریعہISPR
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو واضح طور پر مسترد کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فوج کی جنوبی کمان کے ہیڈکوارٹرمیں فوج اور فرنٹیئر کور کے افسروں اور جوانوں سے الوداعی ملاقات کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے میں ریاست کی مدد کی۔
انھوں نے فوج اورفرنٹیئرکور کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب حالات دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ فراریوں کی بڑی تعداد ہتھیار ڈال رہی ہے۔
فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہم بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں قیام امن اور استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ فوج کے سربراہ کی حیثیت سے دوردراز کے علاقوں میں قیام امن اور ترقیاتی کاموں میں سویلین حکومت کی مدد ان کی ترجیح رہی جس کی وجہ سے ان کو تقریباً ہرماہ کوئٹہ آنا پڑا۔
فوج کے سربراہ نے کہا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک سے ترقی کی نئی شاہراہیں کھلیں گی اور ان کا فائدہ عام آدمی کو ملے گا۔
انھوں نے بلوچستان کے دشوار گزار علاقوں میں، مشکل اورغیر موافق ماحول میں ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کے ذریعے ایک ہزار سے زائد کلومیٹر روڈ کی بروقت تعمیر پر جنوبی کمان کی تعریف کی۔








