آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاناما لیکس: تحریک انصاف نے مزید دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں
- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس سے متعلق مزید دستاویزات اور شواہد سپریم کورٹ میں جمع کرادیے ہیں جبکہ وزیر اعظم کے بچوں کی اس مقدمے میں پیروی کرنے والے وکیل کو تبدیل کر دیا ہے۔
پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے پاناما لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان والوں کے اثاثوں سے متعلق دستاویزات سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرادیے ہیں۔
جمع کرائے دستاویزات اور شواہد 686 صفحات پر مشتمل ہیں جنھیں پانچ بند ڈبوں میں جمع کرایا گیا ہے۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف جب پہلی مرتبہ پنجاب کے وزیر خزانہ بنے تو ان کی صرف ایک فیکٹری تھی لیکن وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ان کے پنجاب میں انڈسٹریل یونٹس تیزی سے بڑھے اور صوبائی وزیر خزانہ ہوتے ہوئے نوازشریف کی فیکٹریوں کی تعداد 20 ہوگئی۔
ادھر وزیر اعظم محمد نواز شریف کے بچوں کا اس مقدمے میں اب تک دفاع کرنے والے وکیل سلمان اسلم بٹ کی جگہ اب یہ ذمہ داری سینیئر وکیل اکرم شیخ کریں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں مریم نواز، حسین اور حسن نواز کی جانب سے وکیل تبدیل کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس تبدیلی کی وجہ تاہم نواز خاندان نے واضح نہیں کی ہے۔