گڈانی بحری جہاز کے حادثے کے مزید دو زخمی دم توڑ گئے

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ کے علاقے گڈانی میں ناکارہ بحری جہاز میں آگ لگنے کے باعث پیش آنے والے واقعے میں زخمی ہونے والے دو مزید مزدور ہلاک ہو گئے۔

زخمی ہونے والے دونوں مزدور کراچی میں زیر علاج تھے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

گڈانی میں ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔

اتوار کے روز ہلاک ہونے والے دونوں مزدوروں کا تعلق حب سے تھا۔ ان کے رشتہ داروں نے لاشوں کے ہمراہ کوئٹہ کراچی ہائی وے پر احتجاج کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کا صحیح معنوں میں علاج نہیں کیا گیا۔

حکومت بلوچستان نے اس واقعہ کو مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے اور ان تین افسروں کو فوری طور پر معطل کیا ہے۔

جن افسروں کو معطل کیا گیا ان میں مینیجر بلوچستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی گڈانی، جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ محنت گڈانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات گڈانی شامل ہیں۔

ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق آتشزدگی کے شکار بحری جہاز کے مالک نے این او سی، حفاظتی انتظامات اور آئل ٹینکس کی صفائی کے بغیر جہاز کو توڑنے کا کام شروع کرایا تھا جس کے باعث یہ المناک واقعہ پیش آیا۔

گڈانی کراچی کے قریب واقع ہے جہاں ایشیا کا دوسرا بڑا شپ بریکنگ یارڈ قائم ہے۔

اس علاقے میں شپ بریکنگ کی صنعت کا قیام 1968میں عمل لایا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اب تک گڈانی میں تین ہزار 43 بحری جہاز کٹائی کے لیے شپ بریکنگ یارڈ میں لنگر انداز ہو چکے ہیں۔