آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پنجاب پولیس کا القاعدہ سے منسلک شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعوی‘
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں پنجاب پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک کارروائی کے دوران القاعدہ کے پانچ مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی' کیا ہے۔
یہ کارروائی جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات واپڈا ٹاؤن بائی پائی کے قریب کی گئی۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے آٹھ شدت پسند گوجرانوالہ شہر میں دہشت گردی کسی بڑی کارروائی کی تیاری کررہے ہیں۔
اسی اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور انھیں ہتھیار پھینک کر خود کو حوالے کرنے کے لیے کہا گیا لیکن شدت پسندوں نے ہتھیار پھینکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کر نی شروع کردی۔
اس کے جواب میں پولیس نے بھی دفاعی پوزیشنیں لیتے ہوئے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ اور جب دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ تھما تو جائے وقوعہ کا جائزہ لیا گيا۔ پولیس کو وہاں سے پانچ شدت پسندوں کی لاشیں ملیں جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ان کے تین دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے شدت پسندوں سے ایک کلاشنکوف، دو پستول، ایک 44 بور کی بندوق، گن،، دو ہینڈ گرینیڈ اور دھماکہ خیز مواد، برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اور فرار ہونے والے شدت پسندوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی