آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سیاسی جماعتوں کی تحریک انصاف کے کنونشن پر کارروائی کی مذمت
پاکستان میں حزب اختلاف کی کئی سیاسی جماعتوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر پولیس اور ایف سی کی کارروائی اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مختلف پاکستانی چینلز سے بات کرتے ہوئے پرامن احتجاج کو سیاسی جماعتوں کا آئینی اور جمہوری حق تسلیم کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں نے حکومت کی طرف سے کی جانے والی کارروائی کو بلا جواز قرار دیا ہے۔
سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صورت حال خراب ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردرای نے پی ٹی آئی کنونشن پر پولیس کارروائی کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔
انھوں نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ برسرِاقتدار جماعت کو صبر کے ساتھ کام لینا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ یوتھ کنونشن ایک جمہوری عمل ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی جمہوری عمل کو روکنے کی مذمت کرتی ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس طرح کے ردعمل سے ملک میں انتشار پھیلے گا اور ایک ایسے وقت جب کشمیر کی صورت حال کے پیش نظر ملک میں یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے ملک میں افرا تفری انتہائی نقصان دہ ثابت ہو گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاناما سکینڈل پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ اگر تسلیم کر لیا جاتا تو یہ نوبت نہ آتی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے بھی تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’میاں صاحبان کا رویہ انتہائی غیر جمہوری ہے اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے خواتین ورکرز پر لاٹھی چارج کو سراسر ظلم اور ناانصافی قرار دیا۔
پاکستانی عوامی تحریک کے رہنما ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جمہوریت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور حکومت کے غیر جمہوری اور غیر آئینی رویے کا اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے دو نومبر کے احتجاج میں حصہ لینے کے بارے میں علامہ طاہر القادری نے کہا کہ اس میں شرکت کا اعلان تو پہلے ہی کیا جا چکا ہے لیکن اس شرکت کی نوعیت کا فیصلہ پارٹی کی مجلس عاملہ کے جمعے کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔
علامہ طاہر القادری نے حکومت کے طرز عمل کو انتہائی آمرانہ اور غیر جمہوری قرار دیا۔