آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سفید چھڑی کے عالمی دن پر کوئٹہ میں نابینا افراد کی ریلی
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
سفید چھڑی کے عالمی دن کی مناسبت سے کوئٹہ شہر میں بینائی سے محروم افراد نے ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔
ریلی کا آغاز کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے ہوا۔ ریلی کے شرکا مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب پہنچے اور وہاں مظاہرہ کیا۔
مظاہرے میں شریک 6 بچوں کے باپ شفیع اللہ نے یہ شکایت کی کہ نابینا افراد سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔
انھوں نے یہ شکایت کی کہ ان کے مسائل کے حل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے کوٹہ مختص ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’جس محکمے میں جاؤ وہاں معذور افراد کے کوٹے پر تندرست افراد کو تعینات کیا گیا ہے۔‘
اس مظاہرے میں بینائی سے محروم خواتین بھی شامل تھیں۔ ان کا کہنا تھا ریاستی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے نابینا افراد کی زندگی مشکلات سے دوچار ہے۔
اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ بلوچستان شاخ کے صدر نصراللہ شاہوانی نے یہ مطالبہ کیا کہ نابینا افراد کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے روزگار کے لیے بھی انتظام کیا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت روزگار نہیں دے سکتی تو نابینا افراد کے لیے گزارا الاؤنس کا انتظام کیا جائے۔