آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایل او سی کشیدگی: ’پاکستانی اور انڈین افواج کے درمیان رابطے کے تمام ذرائع کھلے ہیں‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے دونوں فوجوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز رابطے میں ہیں۔
یہ بات آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو خصوصی انٹرویو میں کہی۔
انھوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستانی اور انڈین افواج کے درمیان رابطے کے تمام ذرائع کھلے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تصدیق کی کہ پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشننز (ڈی جی ایم او) کا لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدگی کے باعث ایک دوسرے سے رابطہ ہوا تھا۔
'دونوں طرف کی افواج کے درمیان ہاٹ لائن سمیت تمام چینلز کھلے ہیں۔'
جنرل باجوہ نے انٹرویو میں کہا کہ انڈیا نے 29 ستمبر کو لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور بعد میں پاکستان کی حدود میں 'سرجیکل سٹرائیکس' کا دعویٰ کیا۔
’ہم نے اپنی طرف مکمل جائزہ لیا اور ہمیں یہ معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ بالکل جھوٹا تھا۔‘
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا آغاز اُس وقت ہوا جب 18 ستمبر کو کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں انڈین فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر حملہ ہوا جس میں 19 فوجی ہلاک ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیا نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے اسے عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سفارتی کوششوں کا آغاز کردیا۔ تاہم اسلام آباد نے اس الزام کو یکسر مسترد کردیا تھا۔
29 ستمبر کو بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کنٹرول لائن کے اطراف پاکستانی علاقے میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈز پر سرجیکل سٹرائیکس کیں جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی۔
پاکستان نے انڈیا کی جانب سے سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا واقعہ تھا جس کے نتیجے میں اس کے دو فوجی ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جمعہ کو پنجاب رینجرز کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔