آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کوئٹہ میں بس پر فائرنگ سے شیعہ برادری کی چار خواتین ہلاک
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے حکام کے مطابق دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بس پر فائرنگ کے واقعے میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والی چار خواتین ہلاک ہو گئی ہیں۔
یہ واقعہ منگل کی شام کرانی کے علاقے میں پیش آیا ہے اور ہلاک شدگان کا تعلق ہزارہ قبیلے سے بتایا گیا ہے۔
اس حملے میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
صوبے کے وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ایک بس پر فائرنگ کی جس میں یہ خواتین بھی سفر کر رہی تھیں۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان انوارالحق کاکڑ کے مطابق جب یہ لوکل بس کرانی کے علاقے میں پہنچی تو وہاں نامعلوم مسلح افراد اسے روکا اور ان خواتین کو نشانہ بنایا جن کا تعلق ہزارہ قبیلے سے تھا۔
انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں چار خواتین ہلاک ہوگئیں جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے جنھیں ابتدائی طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
انوار الحق کاکڑ کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے شیعہ مسلک کے افراد کو کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے تاہم سرکاری حکام کا دعویٰ ہے کہ ماضی کے مقابلے میں ان واقعات میں بہت کمی آئی ہے۔
ہلاکتوں کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب ملک میں محرم الحرام کا آغاز ہوا ہے۔ اس موقعے پر حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کا اعلان کیا گیا ہے۔