’ہمیں آفیشل دعوت نہیں ملی‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسے ابھی تک بھارتی حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر صدر جنرل پرویز مشرف کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کرکٹ سیریز دیکھنے کے لیے دورے کی دعوت نہیں ملی ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ اطلاعات شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’ سرکاری طور پر دورے کی دعوت نہیں ملی ہے بلکہ بالواسطہ طور پر دعوت دی گئی ہے‘۔ شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی حکومت سے صدر مشرف کو اس دورے کی رسمی دعوت ملنے کے بعد دورے کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے وزیر اعظم کے مشیر سنجے بارو کے حوالے سے کہا تھا کہ بھارت کی وزارت خارجہ سے کہا گیا ہے وہ پاکستان کے دفتر خارجہ سے معلوم کر ے کہ صدر مشرف کب آنا چاہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ صدر مشرف کا یہ دوستانہ دورہ ہو گا۔ پاکستان کےصدر مشرف نے کہا تھا کہ وہ کھیل کو پسند کرتے ہیں اور اگر ان کو دعوت ملی تو وہ ضرور میچ دیکھنا چاہیں گے لیکن انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ بغیر دعوت کے میچ دیکھنے نہیں جائیں گے۔ صدر مشرف اس سے قبل چودہ جولائی سن دو ہزار ایک کو پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بحال کرنے کے لیے اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی سے مذاکرات کے لیے بھارت گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||