پاکستانی کو مخبری مہنگی پڑی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک پاکستانی شخص نے امریکہ میں پناہ لینے کی خاطر دہشت گردی کے جھوٹے منصوبے کا سہارا لیا ہے۔ یہ بات نیویارک کے علاقے بروکلین کی ایک عدالت کو بتائی گئی ہے۔ تنویر چودھری، جو کہ خود ایف بی آئی کے مخبر ہیں، پر الزام ہے کہ انہوں نے یہ بات خود سے گھڑی تھی ایک شخص پٹرول سے بھرے ٹرک کے ذریعے نیویارک کے ویرازانو نامی پُل کو تباہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ تنویر چودھری نے ایف بی آئی کو بتایا تھا کہ ان کے پٹرول پمپ پر ایک گاہک نے اس منصوبے کا اظہار کیاتھا۔ تنویر چودھری کے وکیل نے کہا ہے کہ تنویر ایک مخلص شہری ہیں اور انہوں نے دہشت گردی کےمنصوبے کا پتا چلنے پر ایف بی آئی کو اطلاع کی تھی۔ لیکن ایف بی آئی کے وکیل کے مطابق بتیس سالہ تنویر چودھری جھوٹ پکڑنے والی مشین پر کیے جانے والے ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے ہیں اور انہوں نے اعتراف کر لیا ہے کہ دہشت گردی کے منصوبے والی خبرانہوں نے خود سے گھڑی تھی۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے تنویر چودھری نے ان سے یکم اکتوبر کو رابطہ کیا اور کہا کہ انہوں نےایک شخص کو یہ کہتے سنا تھا کہ وہ ویرازانو پل کو تباہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس نے کہا تھا کہ وہ پُل کو جلا دے گا اور اس سے پہلے کہ یہودی اسے ماریں وہ ان کو مار دے گا۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے تنویر نے یہ سارا ڈھونگ امریکہ میں پناہ لینے کی خاطر رچایا تھا۔ دوسری طرف تنویر چودھری کے وکیل کا کہنا ہے کہ تنویر گزشتہ ایک سال سے ’قانونی طریقہ` کے ذریعےامریکہ میں پناہ لینے کی کوشش میں ہے۔ تنویر چودھری کو ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے اور اگر ان پر الزام ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں چھ ماہ قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔ عدالت کے باہر تنویر چودھری کی اہلیہ نے رپوٹروں کو بتایا کہ ان کے شوہر معصوم ہیں اور ’وہ تو صرف لوگوں کو بچانا چاہتے تھے کیونکہ وہ خود بچوں والے ہیں‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||