امریکی انتخابات، الزامات تیز تر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ میں صدر جارج بُش اور صدارتی انتخابات میں ان کے مخالف امیدوار نے ایک دوسرے کے خلاف مہم تیز کر دی ہے اور تقریروں کا موضوع زیادہ تر عراق کی جنگ ہے۔ لیکن حالیہ رائے شماری میں صدر بُش کی سبقت کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے پارٹی کے امیدوار جان کیری سے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کے لیے کہا ہے۔ انتخابات کے بارے میں انگریزی زبان کے جریدوں نیوز ویک اور ٹائم کی رائے شماری میں صدر بُش کو گیارہ پوائنٹ سے آگے بتایا گیا ہے۔ ٹائم کی رائے شماری کے مطابق موجودہ امریکی صدر کو اکتالیس کے مقابلے میں باون اور نیوزویک کے مطابق انہیں تینتالیس کے مقابلے میں چون پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ مبصرین کے مطابق نیو یارک میں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ صدر بُش کو انتخابی مہم میں برتری مِل جائے گی۔ مختلف امریکی ریاستوں کے دورے کے دوران جان کیری نے عراق پر امریکی حملے کو غلط وقت اور مقام پر لڑی جانے والی ایک غلط جنگ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کی صورت میں وہ کوشش کریں گے کہ چار سال کے اندر عراق سے امریکی فوجی واپس بلا لیے جائیں۔ جارج بُش کا کہنا ہے کہ ان کا فیصلہ امریکہ کے مفاد میں تھا۔ واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جان کیری نے قومی سلامتی کے موضوع پر بہت زیادہ زور دیا ہے جو کہ صدر بُش کا نعرہ ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے اِن رہنماؤں کا خیال ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کو ہمیشہ سماجی موضوعات پر بات کرنے کی وجہ سے حمایت ملی ہے اور انتخابی مہم میں بھی ان پر توجہ دینی چاہیے۔ امریکہ میں انتخابات دو نومبر کو ہوں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||