عراق: وزراء پرحملے، محافظ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی عبوری حکومت کے دو وزراء کو بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن میں ان کے محافظ ہلاک ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عراق کی عبوری حکومت میں ماحولیات کی وزیر مشکات مومن کے قافلے پر ایک خود کش بم حملہ کیا گیا ہے۔ خود کش بم حملے میں ان کے محافظوں سمیت کئی افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ خود کش بم حملے میں خود مشکات مومن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق عراقی وزیر مشکات مومن کے قافلے پر اس وقت حملے کیا گیا جب وہ بغداد میں جنوبی قادسیہ کے علاقے سے گزر رہی تھیں۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے وزیر کے حوالے سے کہا ہے کہ اس حملے میں ان کے چار محافظ ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عراقی عبوری حکومت میں تعلیم کے وزیر سمیع المظفر کے زیر استعمال رہنے والی گاڑی پر بھی ایک بم حملہ کیا گیا جس میں ان کا ایک محافظ ہلاک ہو گیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حملے کے وقت خود سمیع المظفر بھی کار میں موجود تھے یا نہیں۔ حالیہ مہینوں میں عراق کے کئی وزراء پر اس طرح کے حملے ہوئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے امریکی امداد سے چلنے والے ٹیلی ویژن الحریہ کے دفتر کے قریب زبردست دھماکہ ہوا تھا جس میں کئی افراد ہلاک ہو گئے۔ عراقی وزیر مومن نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نجف کے لیے امداد روانہ کرتی رہی ہیں اور اس سے پہلے صدر میں پانی کی فراہمی کا بھی بندوبست کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسے کام نہیں جس کی انہیں سزا دی جائے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||