حملہ ہم نے کیا: القاعدہ کا دعویٰ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
القاعدہ سے تعلق کا دعوی کرنے والے ایک گروپ نے کہا ہے کہ اس نے جمہ کے روز پاکستان کے نامزد وزیر اعظم شوکت عزیز پر حملہ کیا تھا۔ اسلامبولی بریگیڈ نامی ایک تنظیم نے کہا ہے کہ وہ امریکی نواز پاکستانیوں کے خلاف اسی طرح کے مزید حملے جاری رکھیں گے۔ اسلامبولی بریگیڈ جس کا نام پہلی دفعہ سنا گیا ہے کا دعویٰ ہے کہ اس کا تعلق اسامہ بن لادن کی تنظیم القاعدہ سے تعلق ہے، اس تنظیم نے ایک ویب سائٹ پر اپنے بیان میں دعوی کیا ہے کہ وہ ’پاکستان میں امریکی کافروں‘ کے خلاف اپنی کارروائیوں کو جاری رکھیں گے۔ شوکت عزیز پرجمعہ کی شام اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب وہ اٹک میں اپنی انتخابی مہم کے دوران فتح جنگ کے قریب ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر کے باہر آ رہے تھے ۔ اس خود کش حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔شوکت عزیز اس حملے میں بال بال بچ گئے تھے۔ اسلامبولی بریگیڈ نے کہا ’ ہم اس حملے کے ذریعے غدار پرویز مشرف جو مجاہدین کو پکڑ پکڑ کر امریکہ کے حوالے کر رہا ہے۔ کو پیغام دینا چاہتے تھے کہ وہ اس سے باز آ جائیں‘۔ تنظیم نے مزید کہا :’اگر پرویز مشرف نے صدر جارج بش کی آنکھ بند کرکے حمایت کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو اس سے بھی شدید حملے کیے جائیں گے۔‘ پاکستانی وزیر اطلاعات شیخ رشید نے کہا کہ کہ پاکستان کی حکومت اسلامبولی بریگیڈ کی طرف سے کیے گئے دعوے کی تحقیق کر رہی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ شوکت عزیز پر حملے کی تفتیش جاری ہے اور ابھی اس کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ القاعدہ نے پہلی دفعہ پاکستان کے کسی رہنماء پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||