 |  ایران آئی اے ای اے جوہری مزاکرات |
ایرانی قدامت پسندوں نے ملک کے جوہری پروگرام پر اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کے سربراہ محمد البرادئی کے بیانات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ایک اعلی قدامت پسند رہنما نے تنبیہ کرتے ہوۓ کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کی طرف سے ایران پر دباؤ برقرار رہا تو ممکن ہے کے ایران نہ صرف بین الاقوامی جوہری معائنہ کاروں سے تعاون بند کر دے بلکہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھلاؤ کے معاہدے سے بھی دستبردار ہو سکتا ہے۔ بعض ایرانی اخبارات کے مطابق یورپی یونین کو ایران کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیۓ، کیونکہ بقول اخبارات اس ضمن میں ایران پر جو دباؤ ڈالا جا رہا ہے اس کے پیچھے امریکی ہاتھ ہے جو ایران کو جوہری طاقت نہیں بننے دینا چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کے سربراہ محمد البرادئی نے ایران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام کے متعلق مکمل معلومات کی عدم فراہمی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوۓ کہا تھا کے ایران کئی برسوں سے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھلاؤ کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے۔ |