| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لیبیا کےایٹمی پرزہ جات امریکہ پہنچ گئے
وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ لیبیا کے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگراموں کے اجزا واشنگٹن کو پہنچا دیۓ گئے ہیں اور لیبیا نے انتہائی اعلیٰ پائے کے تعاون سے کام لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پچیس ٹن سامان اور دستاویزات میں سینٹری فیوج کے حصے اور ایک ایسا کیمیکل بھی ہے جس سے یورینئم کو افزودہ کیا جاسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ لیبیا کے ترک اسلحہ کی ابتدا ہے لیکن بہت حقیقی ابتدا ہوئی ہے۔ اقوام کے ادارے، جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ لیبیا نے جوہری ہتھیاروں کے ڈیزائن حوالے کر دیۓ ہیں لیکن انہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ پروگرام اپنے ابتدائی دور سے آگے نہیں بڑھا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان سکاٹ میکلیلن نے انکشاف کیا ہے ایک ہوائی جہاز جس میں لیبیا کے جوہری پروگرام سے تعلق رکھنے والا ساز و سامان، کیمیکل اور دستاویزات تھیں منگل کی صبح امریکہ پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوائی جہاز میں یورینئم کو افزودہ کرنے والے سنٹری فیوج اور کیمکل ہیں اور میزائلوں کے حصے بھی۔ لیبیا کے رہنما کرنل قزافی نے گزشتہ سال کے آخر میں اپنا جوہری پروگرام اور دوسرے غیر روائتی ہتھیاروں کوختم کرنے کی رضامندی ظاہر کردی تھی۔ سکاٹ میکلیلن نے بتایا کہ کرنل قزافی اپنا وعدہ پورا کررہے ہیں۔ سکاٹ میکلیلن نے کہا کہ یہ ساز وسامان لیبیا کے ہتھیاروں کے خاتمے کی پہلی رسد ہے اور اس بات کا پختہ ثبوت کہ لیبیا پورے پورے تعاون کا اظہار کررہا ہے اور وعدے کا ایفا کررہا ہے۔ لیبیا سے آیا ہوا سامان ٹینییسی پہنچادیا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق تجزئیے کے لۓ جوہری تحقیق کے ادارے کو دیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے لیبیا اپنے اسلحہ ترک کرتا جائے گا اسی رفتار سے امریکہ کے مراسم اس سے بڑھیں گے۔لیکن کیا امریکہ لیبیا کے تعاون کا کوئی فوری صلہ دے گا ؟ ترجمان نے اس طرف آنے سے انکار کردیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||