| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لیبیا: تیکنیکی مذاکرات کا آغاز
اقوام متحدہ کے جوہری نگرانی کے ادارے آئی اے ای اے کے سربراہ محمد البرادعی، جو ان دنوں لیبیا کے دورے پر ہیں، اتوار کے روز لیبین حکام سے ملک کی جوہری تنصیبات کے بارے میں تیکنیکی مذاکرات شروع کر رہے ہیں۔ البرادعی اور ان کے ماہرین کی جماعت لیبیا کی دعوت پر اس کے جوہری منصوبے کی جانچ پڑتال کرے گی۔ حال ہی میں لیبیا نے اعلان کی تھا کہ وہ وسیع تباہی کے حامل ہتھیاروں کی تیاری کے منصوبے ترک کر رہا ہے۔ البرادعی کا کہنا ہے کہ انہیں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ ان کی جماعت سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیبیا کے طرز عمل سے انہیں حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا: ’لیبیا نے ہمارے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں اور ہم اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لئے اس موقعہ کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔‘ بدھ کو ہونے والے مذاکرات میں معائنہ کے ابتدائی خدوخال تیار کیے جائیں گے جس کے دوران لیبیا کی اعلان شدہ اور خفیہ جوہری تنصیباب کا خاکہ مرتب کیا جائے گا۔ البرادعی نے کہا کہ یہ تمام عمل شفاف ہوگا۔ لیبیا کے وزیر خارجہ شلقم رحمان کا کہنا ہے کہ لیبیا نے جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل نہیں کی ہے تاہم وہ غیرقانونی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے میں دوسرے ملکوں کے لئے ایک مثال قائم کرے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||