| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدام کے خلاف ممکنہ مقدمات
سابق عراقی صدر کے خلاف ان کے دور حکومت میں کئے گئے مظالم کے الزامات پر مقدمات چلائے جائیں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ مقدمات مختلف نوعیت کے ہوں گے۔ تین دہائیوں پر محیط صدام حکومت پر الزامات کی فہرست بہت طویل ہے۔ ایران میں انیس سو اسی کے اسلامی انقلاب کے بعد عراق نے کئی سرحدی جھڑپوں کے بعد ایران پر حملہ کیا تھا۔ اس خونی جنگ کے نتیجے میں ایک ملین افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ایرانی حکومت صدام حسین کے خلاف ایک تفصیلی شکایت تیار کررہی ہے جس میں سابق رہنما کو بین الاقوامی عدالت میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس جنگ کے دوران خطرناک اعصابی گیس کے استعمال سے بیس ہزار ایرانی باشندے ہلاک ہوگئے تھے۔ سن انیس سو اٹھاسی میں جب شمالی عراق میں کرد خور مختاری کا مطالبہ کررہے تھے تو عراقی افواج نے کردوں کے خلاف ہلابجا میں زہریلی سائینائیڈ گیس استعمال کی تھی جس کے نتیجے میں پانچ ہزار شہری ہلاک ہوگئے تھے۔
اسی تنازع کے دوران فروری سے ستمبر تک کے عرصے میں عراقی فوج نے ایک لاکھ سے زائد کردوں کو قتل کیا۔ اس کے علاوہ حکومتی افواج نے کردوں کے ہزاروں گاؤں نظر آتش کردیے اور بے گھر ہونے والے افراد کو کیمپوں میں بسایا گیا۔ انیس سو اکانوے کی خلیجی جنگ کے بعد عراق نے کردوں کی بغاوت کچلنے کے لئے ہزاروں قتل کئے، لاکھوں کرد بے گھر ہوگئے اور کئی ملک چھوڑ کر چلے گئے۔ انیس سو نوے میں عراق نے کویت پر حملہ کیا تھا جس کے بعد جنوری انیس سو اکانوے میں خلیجی جنگ لڑی گئی۔
اس تنازع کے بعد کردوں اور جنوبی عراق میں شیعہ آبادی کےخلاف کارروائیاں کی گئیں۔ عراق میں دو سو ستر اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ ہزاروں افراد کی لاشیں ان میں دفنائی گئی تھیں۔ اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کے ادارے نے دو ہزار ایک میں عراق میں مختلف جرائم کی ’ظالمانہ اور غیر انسانی‘ سزائیں دینے پر عراقی حکومت کی مذمت کی تھی۔ ان سزاؤں میں پھانسی، مارپیٹ اور زندہ جلانا شامل تھا۔
انیس سو چھیانوے میں صدام حسین کے دو دامادوں کو قتل کیا گیا تھا۔ ایک برس قبل یہ دونوں اردن فرار ہوگئے تھے۔ فروری انیس سو چھیانوے میں ان دونوں کو عراق میں محفوظ رہنے کی جھوٹی گارنٹی دی گئی تھی لیکن واپس پہنچنے پر انہیں قتل کردیا گیا۔ سن انیس سو نوے میں انہوں نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا۔ ممکن ہے امریکی افواج کے خلاف عراق میں موجودہ مزاحمت بھی صدام حسین کے خلاف ایک اور مقدمے کی بنیاد بنے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||