BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 26 August, 2006, 12:29 GMT 17:29 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
گیدڑان نیم شب اور مگن لال

مگن لال اتنا غریب تھا کہ دوسری بار اسےگدو بندر میں داخلہ بھی نہ مل سکا
پتہ نہیں آپ نے نوٹ کیا ہو یا نہیں؟ لیکن میں نے دیکھا ہے کہ پاگل کا ریل کا سے بڑا رشتہ ہوتا ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ آپ کو کافی پاگل آپ کے شہر کے سٹیشنوں کے اردگرد بھی دیکھنے میں آئیں گے۔ آدمی کتنا بھی پاگل ہو لیکن اسے پتہ ہوتا ہے کہ اگر میں فلاں سٹیشن سے فلاں ریل پر بیٹھ گیا تو وہ مجھے فلاں شہر جاکر اتارے گی۔ وہ شہر ’سجن کا گاؤں‘ (غالباً تھر ایکسپریس کی لائين پر) یا وہ ’راجہ کی ریل‘ بھی ہو سکتی ہے۔

جب ہندوستان پاکستان بنا تو فقط ملک ہی نہیں ٹوٹا، بڑے دل بھی ٹوٹے تھے اور دماغ کسی بھونچال تلے آئی ہوئی دھرتی کی طرح پھر کبھی سیدھے نہ رہے۔ منٹو نے تو ایسے پھرے ہوئے دماغوں کی فقط ایک کہانی 'ٹوبہ ٹیک سنگھ' لکھی تھی۔

میں نے سوچا تھا کہ میں آج شوکت عزیز کے خلاف، جنہیں بہت سے لوگ پیار میں ’شارٹ کٹ عزيز‘ بھی کہتے ہیں، قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جانب سے لائي گئی تحریک عدم اعتماد پر لکھوں گا لیکن پھر میں منٹو کے ایک ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسے ہی کردار مگن لال کے بارے میں لکھنے لگا جس نےپاکستانی ریل کی پٹریوں پر مبینہ طور ریل کا انجن ’دماغ کا میٹر گھوما ہوا‘ ہونے کے باوجود کوئي ایسا ویسا چلالیا! جیسے شاید ہی کوئی ہمارے حکمران ملک چلاتے ہوں۔

پھر سوچا شوکت عزیز تو بینظیر بھٹو بھی نہیں جس کے خلاف ’مڈنائيٹ جیکالز‘ عرف ’گیدڑان نیم شب‘ کوئی دن دہاڑے سازش کریں۔ ایم کیو ایم کا ہاتھ پکڑ کر آرمی کا چیف نواز صدر مملکت کی فرزندگی میں دے دے۔ اسامہ بن لادن نواز شریف کو عورت کی ’نجس‘ حکومت گرانے کیلیئے مالی مدد کی پیشکش کرے! گھوڑوں کے کاروبار میں سب اپنے ہاتھ کالے کریں۔ حزب مخالف کے اراکین مری کی سیر کریں تو عدم اعتماد کے یرغمالی بن کر حکومت کے اراکین جھل مگسی کی ایک حکومتی ایم این اے تب کی حزب مخالف کے پیسے کھا جائيں اور ’محترمہ‘ کہیں اچھا کیا۔ مخدوم خلیق الزمان اور سید قربان علیشاہ ایم این ایز بغاوت کردیں جسے میرے دوست حیسن شاہ بخاری نے ’پارلیمانی کو دتا‘ کہا تھا اور جیالے نعرے لگائیں ’جتوئی کھر در بدر‘۔ فاٹا کے اراکین اخروٹ کے درختوں کی طرح بکیں، عرب شیخ سردار غلام محمد مہر سے بنظیر بھٹو کی حمایت کرنے کی سفارش لائیں اور لندن میں سالہا سال سے جلاوطن دانشور اور سیاسی نظریات دان قادر بخش نظامانی اکبر بگتی کو منانے چلے آئیں۔

شوکت عزیز
شوکت عزیز کو بہت سے لوگ پیار میں ’شارٹ کٹ عزيز‘ بھی کہتے ہیں

تحریک عدم اعتماد کیا تھی؟ بس جیسے کہتے ہیں نا کہ رنڈیاں ناچیں تھیں اور بکریاں ذبح ہوئی تھیں۔ ’گیدڑان نیم شب‘ یا مڈنائٹ جیکالز‘ کی تمام سازشوں اور مسٹر ٹین پر سینٹ کرپشن کے باوجود بینظیر بھٹو جنیوئنلی جیت گئی تھیں اور ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہار گئی تھی۔ لیکن بکرے کی ماں کب تک خیر مناتی۔

لیکن اس موسیقی کے شوقین اور کسی اچھے براڈ کاسٹر کا گلہ لیئے ہوئے برے بینک منیجر شوکت عزیز کے خلاف، جنہیں وزارت عظمٰی فوجی سلامتی کے عوض عطا ہوئی ہے، تحریک عدم اعتماد پر کیا لکھا جائے۔ کیا ان کے موجودہ دور حکومت کو اس روسی ناول کا عنوان ہی دیا جائے ’ہایو دی سٹیل مل واز ٹیمپرڈ؟‘ یہ تو ایک ٹھیکے میں ملا ہوا ملک ہے۔

اگر پاکستان میں موجودہ دور حکومت کی کارگردگی کو ایک عام اور سادہ لوح عوام کے نفع نقصان میں دیکھا جائے تو اس کی سب سے کریہہ مثال حالی روڈ حیدرآباد کے مگن لال کا گھر ہے۔ جا بجا در و دیوار سے جھانکتی ہانکتی ہوئی بھوک اور مفلسی جس میں مگن لال نے اپنا روزگار اور دماغ کھویا اور اس کے گھر والوں نے اسے ذہنی امراض کے ہسپتال گدو بندر میں داخل کروایا۔ مگن لال گدو بندر سے بھاگ گیا۔ مگن لال اور اس کا خاندان اتنا غریب اور بے پھونچ تھا کہ دوسری بار اسے گدو بندر میں داخلہ بھی نہ مل سکا تھا۔

انجن
یہ ’کھسکے ہوئے‘ ایک شحض کی جوائے رائڈ بھی ہو سکتی تھی

گدو بندر بھی ریل کی پٹری کے ساتھ ہی ہے۔ دو تین مہینوں بعد مگن لال کو اس کے محلے اور گھر والوں نے پولیس تحویل میں اس الزام میں دیکھا کہ وہ کراچی کے قریب لوکو شیڈ میں پٹری پر چالو حالت میں کھڑا ریل کا انجن اغوا کرکے بھاگ نکلا۔ مبینہ طور پر مگن لال نے چالو حالت میں کھڑا ہوا ریل کا انجن اس وقت اغوا کیا جب اسے ڈرائیور اور فائر مین پٹری پر کھڑا کر کے چائے پینے گئے تھے۔ پاکستانی میڈیا میں آنے والی رپورٹوں میں پولیس نے کہا ہے کہ گدھا گاڑی چلانے والے مگن لال نے ’دوران تفتیش‘ بتایا کہ اس نے ریل گاڑی کا انجن چلانا ’خدا کے حکم سے سیکھا‘۔

مگن لال کی پاکستان جیسے ملک میں بدقستی یہ ہے کہ وہ ہندو ہے اور پولیس برسہا برس سے حیدرآباد سندہ کے حالی روڈ پر رہنے والے اس مخبوط الحواس مگن لال کو ’ہندوستانی حیدرآباد کا شہری‘ بتا رہی ہے اور ممکنہ ’بھارتی ایجنٹ‘ بھی!

پاکستان ریلوے کا چالو حالت میں پٹری پر سے کھڑا ہوا انجن لے کر اڑنے کا الزام لگائے جانے والے اس مخبوط الحواس شخص سے کوئی بڑا حادثہ بھی ہوسکتا تھا یا یہ صرف حالات سے ’کھسکے ہوئے‘ ایک شحض کی جوائے رائڈ بھی ہو سکتی تھی! مگن لال سب کچھ ہو سکتا تھا لیکن ’دہشتگرد‘ بھارتی ایجنٹ، یا مذہبی جنونی نہیں (جو پاگل پن سے بھی زیادہ خطرناک ذہنی حالت ہے)۔

میں سوچ رہا ہوں ہمارے جیسے ملکوں میں ریل کے وزیر لالو پرساد اور شیخ رشید، وزیر اعظم شوکت عزیز، اور غیر ذمہ دارانہ حالت میں کھڑے ہوئے انجن لے کر اڑنے والے گدو بندر سے بھاگے ہوئے مگن لال ہوتے ہیں!

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد