BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 29 April, 2005, 15:03 GMT 20:03 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
نئے امیج کی تلاش میں
بپاشا باسو
’جسم جیسی فلمیں آجکل بہت لڑکیاں کر رہی ہیں‘
بالی ووڈ کی وہ حسینائیں جو اب تک جسم کی نمائش کو وقت اور فلم کی ضرورت کہہ کر اس کا دفاع کیا کرتی تھیں اب اپنی اس امیج سے دامن چھڑانے کی کوشش میں ہیں۔

ان ہیروئینوں میں سب سے پہلا نام ہماری انتہائی بولڈ اور بنگالی ہیروئین بپاشا باسو کا ہے۔ یقین نہیں آ رہا آپ کو جی ہاں یہ بالکل درست ہے۔ اس بارے میں بپاشا کا کہنا ہے کہ ’جسم ‘ جیسی فلمیں اب بہت سی لڑکیاں کر رہی ہیں اور وہ اب کچھ مختلف کرنا چاہتی ہیں۔

بپاشا پرکاش جھا کی نئی فلم ’اپہرن‘ میں ایک سیدھی سادھی لڑکی کا رول کریں گی اور شلوار قمیض میں نظر آئیں گی۔ امید کرتے ہیں کہ لوگ انہیں اس حلیے میں پہچان لیں گے۔ ایسے ہی موقعوں کے لیے کہا جاتا ہے ’نو سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی‘۔

یوں تو اس فہرست میں کئی نام ہیں لیکن دوسرا بڑا نام سابق حسینہ کائنات لارا دتہ کا ہے۔ لارا جی فرماتی ہیں اس وقت انڈسٹری میں ٹرینڈ تیزی سے بدل رہا ہے اور اب جسم کی نمائش اور بولڈ سین فلم کی کامیابی کی ضمانت نہیں کہے جا سکتے۔

لارا کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی پچھلی کچھ فلموں پر بہت شرمندگی ہوتی ہے اور اب وہ بہت سوچ سمجھ کر فلمیں میرا مطلب ہے کہ فلم سائن کر رہی ہیں اس سال ان کے پاس ایک ہی فلم ہے ’دوستی‘ جس میں ان کا ساتھ بوبی دیول دے رہے ہیں۔

اب جس طرح سے لارا کا کیرئیرگراف نیچے جا رہا ہے تو اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بولڈ فلمیں کرنے کے باوجود اگر ملکہ شیراوت کی طرح نام نہ ہو تو اسے گناہ اور وہ بھی بے لذت ہی کہیں گے۔ تو کیوں نہ دوسرا طریقہ آزما کر دیکھ لیا جائے۔

ایشوریہ رائے
ماڈلنگ کے زمانے سے میرا موازنہ کیا جا رہا ہے

ایشوریہ رائے اپنے کیرئیر سے آجکل خاصی مطمئن نظر آ رہی ہیں۔ ان کا یہ اطمینان اپنی آنے والی فلموں کو لے کر ہے۔ ابھی ابھی وہ گریندر چڈھا کی’مسٹرس آف اسپائسس ‘ کی شوٹنگ سے واپس آئی ہیں اور اس کے بعد ہدایتکار جگ مندھرا کی فلم’پرووکڈ‘( Provoked) پر کام کریں گی اور ساتھ ہی راج کمار سنتوشی کی فلم ’سامنا‘ اور ’دھوم 2 ‘ کی بھی تیاری ہے۔

یعنی ان کے دونوں ہاتھوں میں لڈو ہیں لیکن دعا کریں کہ ان کی آنے والی فلموں کا حال پہلے جیسی فلموں کا سا نہ ہو کیونکہ انہیں خاصے عرصے سے کسی ہٹ فلم کی ضرورت ہے ۔

اپنی ہمشکل بتائی جانے والی نئی ہیروئین سنیہا اولال کے بارے میں ان کا کہنا تھا انہوں نے ان کی فلم نہیں دیکھی لیکن کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہلکی سی شباہت ہے اور کچھ کا خیال ہے کہ صرف آنکھوں کا رنگ ایک جیسا ہے اور کچھ کا خیال ہے کہ فلم شاٹ اس طرح سے لیے گئے اور میک اپ ایسا کیا گیا ہے کہ اس میں میری شباہت نظر آئے۔ ایش نے لوگوں کی آڑ لے کر اس بارے میں اپنی کوئی رائے ظاہر نہیں کی۔

ایشوریہ جی مانتے ہیں دوسری عورت کی تعریف کرنا خاصا مشکل کام ہے لیکن نام کے ساتھ دل بھی بڑا رکھنا چاہیے۔اسی کو کہتے ہیں نام بڑا اور درشن چھوٹے۔

یاد آیا کہ کینز فلم فیسٹیول 2005 کے لیے بھی ایش کی تمام تیاریاں ہو چکی ہیں اور اس بار وہ اپنے کپڑوں کے بارے میں خاصی محتاط ہیں کیونکہ پچھلی مرتبہ ان کے کپڑوں کے بارے میں میڈیا نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

ملکہ شیراوت
ہم بھی ہیں آمنے سامنے

اس فیسٹیول میں ہدایتکار اسٹینلی ٹونگ کی نئی کامیڈی فلم ’the myth ‘ کا بھی پریمیئر ہوگا اور یہ فلم جیکی چن اور ہماری ملکہ شیراوت کی فلم ہے جو بالی ووڈ میں اپنے دل ہلا دینے والے جلوے دکھانے کے بعد باہر کی انڈسٹری کو ہلانے والی ہیں چلیے ایش باجی کو اچھی کمپنی ملے گی۔

66سنیما کے بدلتے رنگ
بالی ووڈ کی باتیں نصرت جہاں کے ساتھ
66ستاروں کے ستارے
بالی ووڈ کی باتیں نصرت جہاں کے ساتھ
66ستارے گائیں گے
عامر خان نے پنجابی میں گیت ریکارڈ کیا
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد