BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 05 November, 2004, 00:57 GMT 05:57 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
امریکہ: جنوب اور شمال میں بڑھتی خلیج

غلامی
امریکہ میں الیکشن کا سین دیکھ کر سن انیس سو اکہتر کا وہ زمانہ یاد آگیا جب پاکستانی حکومت مشرقی پاکستان میں فوجی کاروائی کرتے ہوئے وہ سب کچھ کر رہی تھی جس کے قصے ہم آج عراق، ابو غریب اور گونتاناموبے میں سن رہے ہیں۔ ان دنوں وہی سیاست دان مقبول ہو سکتا تھا جو فوج کو ہیرو مانے اور بنگالی مسلمانوں کے خلاف کارروائی کو جائز دے۔ بالکل ایسے جیسے آج کے امریکہ میں وہی جیت پایا ہے جس نے عراق پر حملے کو جہاد قرار دیا ہے اور جس نے گن، گاڈ (خدا) اور گیز (ہم جنسوں) کو اچھی طرح استعمال کیا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کیفے ٹیریا میں ادھار کی چائے پیتے ہوئے راجہ نے کہا تھا کہ یا تو ہم بنگالیوں کی حمایت کرنے والے چند لوگ پاگل ہیں اور یا پھر فوج کی حمایت کرنے والے یہ سارے لوگ۔ میں نے جواب دیا کہ اس وقت تو ہم ہی پاگل ہیں کیونکہ وہ تعداد میں بے شمار ہیں اور ہم چند گنے چنے۔

اخباروں میں بھی ہمارے خلاف چھپنے والی خبروں سے یہی ظاہر تھا کہ اگر ہم نے زیادہ شور مچایا تو ہمیں سیاسی پاگل خانے یعنی جیل بھیج دیا جائے گا۔ ہم میں کچھ چھوٹی جیل بھیج دئیے گئے اور باقی دنیا کی بڑی جیل میں کڑھنے کی لئے چھوڑ دئیے گئے۔

یہ وہ زمانہ تھا جب ہر مقبول سیاست دان پاکستانی فوج کی مشرقی پاکستان میں شرمناک حرکات کو عظیم جہاد کا نام دیتا تھا۔ انہی دنوں جب جنرل ٹکا خان سے یہ بیان منسوب کیا گیا تھا کہ پاکستان کو بنگالی نہیں بنگال چاہیے۔

پاکستان کے بہت سے اعلی اقدار کے حامل قدامت پرست بنگالیوں کی نسل بدلی کو ثواب دارین قرار دیتے تھے۔ اسی زمانے میں عوام دوست رہنما بھٹو نے بھی مینار پاکستان پر کھڑے ہو کر فوجی کاروائی کو جائز قرار دیا تھا اور بنگالیوں کے خلاف دما دم مست قلندر کر دیا تھا۔

بھٹو اپنے نعرے بازی پر یقین رکھتے تھے یا نہیں یہ عیاں تھا کہ ان کے حامی عوام ان کے منہ سے جو کچھ سننا چاہتے تھے وہ وہی کچھ ڈرامائی انداز میں کہہ رہے تھے۔ اگر اس زمانے میں پنجاب میں الیکشن کروائے جاتے تو فوج کے خلاف بات کرنے والے ضمانتیں ضبط کر وا لیتے۔ پنجاب، کراچی اور پاکستا ن کے کچھ اور علاقوں کے عوام بھی مشرقی پاکستان میں پاکستانی زیادتیوں کی پر جوش حمایت کرتے تھے۔

اس لئے اگر آج کے امریکہ میں بش الیکشن جیت گئے ہیں تو کسی کو کوئی تعجب نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان ہو یا امریکہ بظاہر طاقتور طبقے کمزور علاقوں اور ملکوں پر زور زبردستی کرنا اپناحق سمجھتے ہیں۔ ایک سڑک چھاپ امریکی کے الفاظ میں ’آخر ہم سپر پاور ہیں ہمیں کچھ ٹھڈے بھی مارنے ہوتے ہیں‘۔

دنیا بھر کے اخبار، رسالے اور ٹی وی سٹیشن کئی دن تک اس پر خیال آرائی کرتے رہیں گے کہ جان کیری کیوں ہارے اور بش کیوں جیتے۔ بہت سے لوگ کہیں گے کہ کیری نے یہ نہیں کیا اور وہ نہیں کیا۔ لیکن یہ ظاہر ہے کہ خود امریکی حکومت کی رپورٹوں نے بار بار ثابت کیا کہ بش نے جھوٹ بول کر جنگ شروع کی، اقربا پروری کی اور ملک کی معیشت کو سخت نقصان پہنچایا۔ لیکن ان کو ووٹ دینے والی اکثریت نے صرف ایک بات پر انہیں ووٹ دیئے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف بہتر اقدام کر سکتے ہیں۔

ویسے ہی جیسے مشرقی بنگال کے خلاف نعرے لگانے والوں کا مقبول ہو جانا۔ بش نے گن گاڈ اور گیز کا نعرہ بھی ویسے ہی استعمال کیا جیسے پاکستانی فوج نے جماعت اسلامی کو استعمال کیا تھا۔

اگرچہ امریکہ پاکستان کی طرح تقسیم تو نہیں ہوا ہے لیکن جنوب اور شمال کی ایک دوسرے سے دوری بڑھ گئی ہے۔ جنوبی اور وسطی ریاستوں نے حسب سابق قدامت پسندوں کو ووٹ دیا اور شمالی اور مغربی ساحل کی ریاستوں نے کیری کو۔ جنوب کی ریاستوں میں جو کچھ ڈیموکریٹک سینیٹر رہ گئے تھے وہ بھی اس مرتبہ ہارگئے۔ اب جنوبی اور وسطی امریکہ قدامت پرستی اور رجعت پسند رجحانات کا گڑھ بن گیا ہے جبکہ شمال اور مغرب آزاد خیالی کا۔

یاد رہے کہ امریکہ کی خانہ جنگی انہی ریاستوں کے درمیان ہوئی تھی۔ اب پرانی کنفیڈریسی کی ریاستوں میں (جو غلامی کو برقرار رکھنے کے لئے لڑ رہی تھیں) ڈیموکریٹک سینیٹروں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ چند کانگرس مین بچے ہیں وہ بھی چار دن کے مہمان ہیں۔

کیا جنوب اور شمال کے درمیان خلیج بڑھتی جا ئے گی؟ آثار اچھے نہیں ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد