BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 21 October, 2004, 11:23 GMT 16:23 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
امریکی انتخابات: کون کس کے ساتھ؟

جان کیری
صدر بش اور سینیٹر کیری تو تقرریں کررہے ہیں لیکن اصل صدارتی انتخاب وکیلوں، پادریوں اور مزدور یونینوں کی چھوٹی بڑی فوجیں لڑ رہی ہیں۔ ظاہر بات ہے کہ جنگ کا میدان اب بھی فلوریڈا ہی ہے۔ مزید بر آں امریکہ کے پچھلے صدارتی انتخاب میں قانونی جنگ صرف فلوریڈ ا میں لڑی گئی تھی لیکن اس مرتبہ تو کئی ریاستیں فلوریڈا بن چکی ہیں۔

سخت مقابلے کی تمام درجن بھر ریاستوں میں ہر جگہ کسی نہ کسی مسئلے پر فیصلہ پہلے ہی عدالت کی سپرد کر دیا گیا ہے۔ یہ بات کافی وثوق کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ اس الیکشن میں بھی عدالتیں ملوث رہیں گی۔

پچھلے الیکشن میں تو عدالتیں آخر میں آئی تھیں لیکن اس مرتبہ دونوں طرف کے کئی ہزار وکیل پہلے ہی برسر پیکار ہو چکے ہیں۔ پہلے الیکشن میں تو ووٹ گننے پر جھگڑا ہوا تھا اس مرتبہ ووٹوں کی رجسٹریشن پر ہی یُدھ پڑ چکا ہے۔ ظاہر بات ہے کہ الیکشن والے دن کوئی نہ کوئی بےقاعدگیاں تو ضرور ہوں گی اور ووٹوں کی گنتی پر بھی گھپلا ہوگا اس لئے عدالتی جنگ کے امکانات پہلے الیکشن سے کہیں زیادہ ہیں۔ یہ بھی ظاہر ہے کہ یہ جنگ ایک ریاست میں نہیں بلکہ درجن بھر ریاستوں میں لڑی جائے گی۔

بش
ایک اطلاع کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کے لئے دو ہزار سے زائد وکیل اکٹھے کئے ہوئے ہیں جن میں فلوریڈا کے لئے ہی کئی سو وکیلوں کی ذمہ داری لگائی گئی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے یہ وکیل ورجینیا جیسی ریاست میں بھی مورچے لگا کر بیٹھیں گے حالانکہ یہاں بش کے جیتنے کے امکانات اتنے ہیں کہ سینیٹر کیری کے لئے کوئی انتخابی مہم نہیں ہو رہی۔

امریکی الیکشن میں بد اعتمادی کی فضا اتنی زیادہ ہے کہ ہر ووٹر کو خوف ہے کہ اس کی ساتھ دھوکہ ہو جائے گا:ووٹر چاہتا ہے کہ امیدوار جیتیں یا ہاریں مگر اس کا ووٹ ضرورگنا جائے۔

الیکشن کا زمینی حال یہ ہے کہ آخری مراحل پر کئے گئے سروے کے مطابق فلوریڈا اور دوسری بہت سی ریاستوں میں صدر بش اور سینیٹر کیری کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہو رہا ہے۔ ایک سروے میں صدر بش ایک فیصدی آگے ہیں تو دوسرے میں سینیٹر کیری۔ قبل از الیکشن ووٹ پڑنے شروع ہو چکے ہیں اور کالے گوویوں (سنگیت کار) اور ہالی وڈ ستاروں کے گروہ جگہ جگہ جا کر لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے ابھار رہے ہیں۔

ادھر کیوبا تک سے لوگ اپنے خاندانوں کو فلوریڈا میں کال کر رہے ہیں کہ وہ ہر قیمت پر بش کو شکست دینے کے لئے ووٹ دینے جائیں_صدر بش نے کیوبا سے تعلق رکھنے والے امریکی شہریوں پر اپنے وطن جانے پر کچھ پابندیاں لگا دی تھیں جس کی وجہ سے بہت سے کیوبیائی خاندان سنجیدہ مسائل کا شکار ہو گئے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ مسلمانوں کی طرح کوریائی امریکی بھی پہلی مرتبہ ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دینے جا رہے ہیں۔ ان کو شکایت ہے کہ صدر بش نے کوریا سے امریکی فوجیں نکالنے کا فیصلہ کیا ہےاور شمالی کوریا کے معاملے میں معقول رویہ اختیار نہیں کیا۔

حیرت کی بات تو یہ ہے کہ برطانیہ سے بھی بہت سے انگریز امریکہ کی اوہائیو ریاست میں نا واقف لوگوں کو فون کر کے بش کے خلاف ووٹ ڈالنے کے لئے کہ رہے ہیں۔ ان امریکی ووٹروں کے فون نمبر ایک برطانوی اخبار نے شائع کئے تھے اور اپنے قارئین سے کہا تھا کہ وہ بش کو ہرانے کے لئے اوہائیو ریاست کے ووٹروں کو فون کریں۔ امریکیوں کو انگریز کی یہ ادا پسند نہیں آئی۔ بش کے کچھ حامیوں نے تو یہاں تک کہا ہے کہ برطانیہ انکے معاملات میں ویسے ہی مداخلت کر رہا ہے جیسے نو آبادیاتی طاقت کے طور پر کرتا تھا۔

الیکشن کے اصل سپاہی تو چرچوں اور مزدور یونینوں سے آ رہے ہیں۔ ایک طرف چرچوں کے لاکھوں عقیدت مند بش کے حامی ووٹروں کی رجسٹریشن کروا رہے ہیں اور ان کو پولنگ سٹیشنوں پر لے جانے کے منصوبے بنا رہے ہیں تو دوسری طرف مزدور یونینوں کا انبوہ کثیر شہر شہر جا کر سینیٹر کیری کی انتخابی مہم چلا رہا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے مزدور کا رکنوں کو سینکڑوں میل کا سفر کر کے دوسری ریاستوں میں پہلے کبھی انتخابی مہم چلاتے نہیں دیکھا۔ دانشور طبقے سینیٹر کیری کا ساتھ دے رہے ہیں تو فوجیوں کا بڑا حصہ بش کا۔ نقشہ پاکستان سے مختلف نہیں ہے کہ مولوی اور فوج ایک طرف اور مزدور اور دانشور دوسری طرف۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد