ہمیں اپنا پاخانہ کیوں چیک کرنا چاہیے؟ بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص میں مددگار علامات

    • مصنف, فلیپا روکسبی
    • عہدہ, ہیلتھ رپورٹر، بی بی سی

اپنا پاخانہ چیک کرو

بی بی سی کی پریزینٹر ڈیبورا جیمز نے اپنی بڑی آنت کے کینسر کے بارے میں آگاہی مہم میں اپنے پیغام پر اصرار کیا تھا۔ وہ آنتوں کے کینسر کا شکار ہوئیں اور گذشتہ ہفتے 40 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

لیکن یہ کینسر کیا ہے جسے آنتوں یا بڑی آنت کا کینسر بھی کہا جاتا ہے اور اس کا جلد پتہ کیسے لگایا جائے؟

یہاں ہم آپ کو ایک عملی گائیڈ پیش کر رہے ہیں۔

آپ بڑی آنت کے کینسر کا پتہ کیسے لگا سکتے ہیں؟

توجہ کے لیے تین اہم نشانیاں ہیں:

  • بغیر کسی ظاہری وجہ کے پاخانہ میں خون آسکتا ہے، یہ ہلکا سرخ یا گہرا سرخ ہو سکتا ہے۔
  • آپ کے پاخانے کے طریقے میں تبدیلی، جیسے زیادہ بار باتھ روم جانا یا پاخانہ زیادہ آنا یا سخت ہونا۔
  • جب پیٹ بھرا ہوا اور پھولا ہوا محسوس ہو پیٹ کے نچلے حصے میں درد یا سوجن محسوس کرنا۔

اس کے علاوہ دیگر علامات بھی ہو سکتی ہیں جیسے:

  • وزن میں کمی۔
  • آپ محسوس کرتے ہیں کہ پاخانہ کرنے کے بعد آپ نے اپنی آنت کو ٹھیک طرح سے خالی نہیں کیا ہے۔
  • آپ کو معمول سے زیادہ تھکاوٹ یا چکر آتا ہے۔

ان علامات کے ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ آنتوں کا کینسر ہے، لیکن مشورہ یہ ہے کہ اگر آپ تین ہفتے یا اس سے زیادہ عرصے تک ان علامات کو محسوس کرتے ہیں اور اگر آپ اپنے آپ کو صحت مند یا ٹھیک محسوس نہیں کرتے ہیں تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

کیونکہ جتنی جلدی کینسر کی تشخیص ہوتی ہے، اس کا علاج اتنا ہی آسان ہوتا ہے۔

بعض اوقات بڑی آنت (کلوریکٹل) کا کینسر فضلے کو آنتوں سے گزرنے سے روک سکتا ہے اور یہ رکاوٹ کا سبب بن سکتا ہے، جس سے پیٹ میں شدید درد، قبض اور بیماری ہو سکتی ہے۔

ان حالات میں آپ کو اپنے ڈاکٹر سے ملنے یا فوراً رابطہ کرنے کی ضرورت ہوگی۔

میں اپنا پاخانہ کیسے چیک کروں؟

جب آپ ٹائلٹ جاتے ہیں تو چیک کیجیے کہ بڑی آنت سے کیا نکلتا ہے اس پر اچھی طرح نظر ڈالیں اور اس کے بارے میں بات کرنے میں شرمندگی محسوس نہ کریں۔

آپ کو پاخانہ میں خون کے ساتھ ساتھ مقعد سے خون بہنے پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔

تازہ سرخ خون مقعد میں سوجی ہوئی خون کی نالیوں (بواسیر) سے پیدا ہو سکتا ہے، لیکن یہ کلوریکٹل کینسر کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔

پاخانہ میں گہرا سرخ یا کالا خون آنت یا معدے سے آ سکتا ہے اور یہ تشویشناک بھی ہو سکتا ہے۔

آپ آنتوں کی عادت میں تبدیلی بھی دیکھ سکتے ہیں، جیسے کم ٹھوس پاخانہ یا پاخانہ معمول سے زیادہ کثرت سے گزرنا۔

برطانیہ کا محکمہ صحت آنتوں کے کینسر کے ڈاکٹر کے پاس جانے سے پہلے علامات کی ڈائری رکھنے کی سفارش کرتا ہے تاکہ آپ اپنی ملاقات کے وقت کچھ بھی نہ بھولیں۔

ڈاکٹروں کو بہت سے لوگوں کو آنتوں کے مختلف مسائل کے ساتھ دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں کسی بھی تبدیلی یا خون کے بہنے کے بارے میں بتائیں تاکہ وہ اس کی وجہ جان سکیں۔

بڑی آنت کے کینسر کی کیا وجہ ہے؟

کسی کو بھی اس بات کا یقین نہیں ہے کہ اس کی وجہ کیا ہے، لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جسے کے نتیجے میں اس کے پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں:

  • آپ کی عمر جتنی زیادہ ہوگی، کینسر کے ہونے کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوں گے اور آنت کے کینسر کے معاملے میں یہ مختلف نہیں ہے، زیادہ تر کیسز 50 سال سے زیادہ عمر کے بالغوں میں ہوتے ہیں۔
  • سرخ گوشت اور پروسس شدہ گوشت، جیسے سور کے گوشت سے بننے والی غذا کھانا۔
  • سگریٹ پینے سے کینسر کی کئی اقسام کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
  • بہت زیادہ شراب پینا۔
  • زیادہ وزن یا موٹاپا ہونا۔
  • آنت میں پولپس یعنی کیڑوں یا گٹھلیوں کا ہونا جو ٹیومر میں بدل سکتے ہیں۔

کیا یہ والدین سے بچوں میں منتقل ہو رہا ہے؟

زیادہ تر معاملات میں، کلوریکٹل کینسر موروثی نہیں ہوتا، لیکن اگر آپ کے قریبی رشتہ داروں کو 50 سال کی عمر سے پہلے تشخیص ہو تو آپ کو یہ بات اپنے ڈاکٹر کو بتانا چاہیے۔

کچھ جینیاتی حالات، جیسے کہ لینچ سنڈروم (متلازمہ لينش)، لوگوں کو بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا ہونے کے بہت زیادہ خطرے میں ڈالتے ہیں، لیکن اگر ڈاکٹروں کو اس حالت کے بارے میں علم ہو تو انہیں روکا بھی جا سکتا ہے۔

خطرے کو کیسے کم کیا جائے؟

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر لوگ صحت مند طرز زندگی اپنائیں تو آنتوں کے نصف سے زیادہ کینسر کو روکا جا سکتا ہے۔

اس کا مطلب ہے زیادہ ورزش کرنا، زیادہ فائبر اور کم چکنائی کھانا، اور دن میں چھ سے آٹھ گلاس پانی پینا۔

لیکن اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ کسی بھی تشویشناک علامت ظاہر ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور جیسے ہی تجویز کریں تو فوراً کینسر کے لیے سکریننگ کروائیں۔

بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے؟

اس کی تشخیص 'تنظير القولون' (کلونیسکوپی) کے ذریعے ہو سکتی ہے، پوری آنت کے اندر دیکھنے کے لیے ایک لمبی ٹیوب کے اندر کیمرے کے ساتھ ایک طریقہ کار، یا ایک لچکدار سگمائیڈوسکوپی، جو آنت کے کچھ حصے کو دیکھتی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں کلوریکٹل کینسر کی تشخیص کروانے والے 90 فیصد سے زیادہ لوگ پانچ سال یا اس سے زیادہ زندہ رہیں گے، بنسبت ان 44 فیصد کے جو اس کے تازہ ترین مرحلے میں تشخیص ہوئے ہیں۔

پچھلے 40 سالوں میں زندہ رہنے کے امکانات دُگنے سے بھی زیادہ ہو گئے ہیں: برطانیہ کے اعداد و شمار کے مطابق سنہ 1970 کی دہائی میں پانچ میں سے ایک کے مقابلے میں اب نصف سے زیادہ مریض تشخیص کے 10 سال بعد تک یا اس سے زیادہ عرصے تک زندہ رہتے ہیں۔

کیا علاج دستیاب ہیں؟

کلوریکٹل کینسر قابل علاج ہے، خاص طور پر اگر اس کی جلد تشخیص ہو جائے۔

علاج زیادہ ذاتی نوعیت کے ہوتے جا رہے ہیں، اور جینیاتی جانچ میں پیش رفت کا مطلب یہ ہے کہ دیکھ بھال ہر فرد کے حالات اور پس منظر کے مطابق کی جا سکتی ہے۔

اس نقطہ نظر کو ابھی بھی ٹھیک طور پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے، لیکن کینسر کے شکار لوگوں کے لیے زیادہ اور طویل زندگی کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔

کینسر کے مختلف مراحل کیا ہیں؟

  • سٹیج 1 کینسر: یہ چھوٹا ہوتا ہے، لیکن پھیلا نہیں ہوتا ہے۔
  • سٹیج 2 کینسر: یہ بڑا ہوتا ہے، لیکن ابھی تک پھیلا نہیں ہوتا ہے۔
  • سٹیج 3 کینسر: یہ قریبی ٹشوز میں پھیل چکا ہوتا، جیسے لمف نوڈذ۔
  • سٹیج 4 کینسر: یہ جسم کے کسی دوسرے عضو میں پھیل گیا ہوتا ہے، جس سے ایک ثانوی ٹیومر بنتا ہے۔