BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 31 March, 2005, 20:29 GMT 01:29 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
Paparazzi کون لوگ ہیں؟

پاپاراسی
بیسویں صدی کے نصف آخر میں اخباری فوٹو گرافروں کی ایک نئی صِنف وجود میں آئی۔

یہ لوگ سیاست، کھیل، فلم یا کسی بھی شعبے میں شہرت رکھنے والی شخصیات کا پیچھا کرتے ہیں اور اُن کی روزمرہ زندگی کے ایسے حقائق کو کیمرے کی زد میں لانے کی کوشش کرتے ہیں جو دیکھنے والوں کے لے انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوں۔

Paparazzi فوٹو گرافر شوبِز کی دنیا میں خاص طور پر بدنام ہیں کیونکہ اِن
کے جاسوس کیمروں کی آنکھ دنیائے فن کے معروف ستاروں کے تعاقب میں رہتی ہے اور اُن شخصیات کے لئے تخلئیے میں ایک لمحہ گزارنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

Paparazzi اطالوی زبان کا لفظ ہے اور اسکا تلفّظ ’ پاپا راتسی‘ ہے نہ کہ پاپارازی۔ اطالوی میں جب دو مرتبہ زیڈ آتا ہے تو وہ ’ ت + س‘ کی آواز دیتا ہے مثلاً Pizza کا درست تلفّظ بھی’پِتسا‘ ہے نہ کہ پِیزا۔

بہر حال بات ہو رہی تھی پاپا راتسی فوٹو گرافروں کی۔ اِن لوگوں کا ذ کر پہلے پہل سن 50 کے عشرے میں سنا گیا تھا جب روم کے چند نوجوان فوٹو گرافروں نے مصر کے شاہ فاروق کی کچھ پرائیویٹ تصویریں شائع کرا دیں۔ لیکن اُس وقت تک Paparazzi کا لفظ منظرِ عام پر نہیں آیا تھا بلکہ ایسے لوگوں کو Street photographer کے تحقیر آمیز نام سے یاد کیا جاتا تھا۔

اِن لوگوں کے پیشے پراُن دنوں ایک بار پھر شدید تنقید شروع ہو گئی جب شہزادی ڈیانا کا ایک حادثے میں انتقال ہو گیا۔

اس کار ایکسیڈینٹ کے بارے میں ایک نقطہ نظر یہ تھا کہ یہ سب پاپا راتسی فوٹوگرافروں کا کیا دھرا ہے جو کہ شہزادی ڈیانا اور اسکے محبوب کی تصویریں اُتارنے کے لئے شکاری کتوں کی طرح اُن کا پیچھا کر رہے تھے۔

فی الحال ہمارا مقصد اس پیشے کے اسرارورموز بیان کرنا نہیں ہے بلکہ لفظ Paparazzi کی توضیح کرنا ہے۔

اصل میں یہ ایک اطالوی نام ہے اور محض ایک فلم کی بدولت زبان زدِ خاص و عام ہو گیا ہے۔ ہوا یوں کہ 1960 میں معروف اطالوی ہدایت کار فیدرکو فیلینی نے اس نوجوان فوٹو گرافر کی زندگی پر فلم بنانے کا ارادہ کیا جس نے سب سے پہلے ایک ریستوران میں شاہ فاروق کی ایک ایسی تصویر اُتاری تھی جس میں وہ غصے میں آپے سے باہر دکھائی دے رہے تھے اور طیش کی حالت میں ایک میز اُلٹا رہے تھے۔

فلم میں اُس کردار کا نام Coriolano Paparazzo ہے۔ فیدرکو فیلینی کی وہ فلم اب ایک کلاسیک کا درجہ اختیار کر چکی ہے اور اگرچہ آج کا ناظر اسے بہت
سست رو فلم قرار دے گا لیکن La Dolce Vita نامی اس فلم نے زبان پر اتنا احسان ضرور کیا ہے کہ اُس کے خزانے میں ایک نئے لفظ کا اضافہ کر دیا ہے یعنی
Paparazzi۔

ہدایت کار فیلینی سے ایک بار پوچھا گیاکہ اُسے اپنے کردار کے لئے یہ نام سوجھا
کیسے؟ فیلینی نے بتایا کہ ایک انگریز سیاح کے پرانے سفر نامے میں ایک سرائے کا ذکر ہے جس کے مالک کا نام Paparazzo تھا، بس وہی نام میرے ذہن میں چپکا ہوا تھا، چنانچہ فلم میں جب فوٹو گرافر کے کردار کیلیے اداکار مارسیلو ماسٹریانی کو منتخب کیاگیا تو اُسے بھی یہ نام بہت پسند آیا – لیکن اُس وقت دونوں کے علم میں یہ بات نہیں تھی کہ انھوں نے انگریزی زبان (اور دیگر زبانوں کو بھی) ایک بالکل نئے لفظ سے نواز دیاہے ۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد