سرحد پر سابق جنرل کا مجسمہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ریاست راجستھان کے جے پور شہر میں ان دنوں ایک ایسا مجسمہ تیار کیا جا رہا ہے جسے دو مہینے بعد ہند پاک سرحد پر واقع اٹاری میں نصب کیا جائے گا۔ یہ مجسمہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے سپہہ سالار اعلی جنرل شیام سنگھ کا ہے۔ فی الوقت کاریگر جنرل شیام سنگھ کا 21 فٹ اونچا مجسمہ مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ جنرل شیام سنگھ ایک ایسے جنرل تھے جنہوں نے پنجاب کی طرف سے ملتان، کشمیراور سرحدی صوبوں میں کئی فوجی کارروائیوں کی قیادت کی تھی۔ لیکن آج جنرل شیام سنگھ اٹاری کی تاریخ کی صرف ایک یاد بن کر رہ گئے ہیں۔ عام طور پر انہيں جنرل اٹاری کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان کے لواحقین میں سے ایک کیپٹن ہریندر سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جنرل اٹاری کا مجسمہ نصب کرانے کے لیے انہیں کافی جدوجہد کرنی پڑی ہے۔‘ جنرل برطانوی حکومت سے جم کر لڑے تھے اور ایسی ہی ایک جنگ میں 1846 میں انہوں نے دریائے ستلج کے کنارے برطانوی فوج سے لڑتے ہوئے آخری سانس لی۔ گھوڑے پر سوار ان کے مجسمے کو تیار کرنے میں پندرہ سنگ تراشوں نے تقریبا ایک برس محنت کی ہے۔ اس مجسمے کو اٹاری سرحد کے قریب جی ٹی روڈ پر نصب کیا جائے گا۔ اس مجسمے کی تیاری میں مصروف لکشمن ویاس کا کہنا ہے: ’میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کیوں یہ اب تک کا سب سے اونچا مجسمہ ہوگا۔ ساتھ ہی یہ بھی خوشی کی بات ہے کہ اس مجسمے کو دونوں ملکوں کے لوگ دیکھ سکھیں گے۔‘ مجسمے کا وزن تقریبا تین ٹن ہے۔ جنرل اٹاری کے وارث ہریندر سنگھ نے مزید بتایا کہ اٹاری کے اس قلعہ کی حالت بےحد خراب ہوچکی ہے جہاں ہمارے آباء و اجداد مقیم تھے۔ اس کے علاوہ وہ رہائش گاہ بھی اب باقی نہيں ہے جہاں جنرل اٹاری رہتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ’وہ ایک پانچ منزلہ عمارت تھی جہاں سے لاہور کے کارخانے دکھائی دیتے تھے۔ ہماری خواہش ہے کہ وہاں ایسی ہی عمارت بنے جس سے وہی پرانا منظر دکھائی دے سکے۔‘ اٹاری میں ہی جنرل اٹاری کی پیدائش ہوئی تھی۔ بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ جنرل اٹاری کے آباء و اجداد راجستھان کے جیسلمیر سے کبھی پنجاب جا بسے تھے۔ اٹاری میں ہر برس دس فروری کو یوم شہادت منایا جاتا ہے اور امید یہی ہے کہ اگلے برس جب یہ پروگرام منعقد کیا جائے گا تو یہ مجسمہ وہاں نصب کیا جا چکا ہوگا۔ | اسی بارے میں فرعون رامسس دوئم کےمجسمے کانیاگھر25 August, 2006 | صفحۂ اول صدام کے مجسمے تباہ29.03.2003 | صفحۂ اول بدھا کی واپسی۔ ابھی نہیں30.05.2002 | صفحۂ اول افغان ورثے کی تلاش29.05.2002 | صفحۂ اول دہشت گردوں کی نظرمجسمۂ آزادی پر 22.05.2002 | صفحۂ اول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||