جیل میں گاندھی گیری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
رکن اسمبلی بالا ناندگاؤنکر اور مہاراشٹر نونرمان سینا( ایم این ایس ) کے ورکروں نے فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ سے متاثر ہو کر پولیس حراست کے دوران سانتا کروز لاک اپ کی صفائی کی، جھاڑو لگایا اور بیت الخلاء بھی پانی سے دھو ڈالا۔ مہاراشٹر کی علاقائی پارٹی شیو سینا اور اس سے علیحدہ ہونے والی پارٹی ایم این ایس کے رضاکاروں میں دس اکتوبر کو زبردست تصادم ہوا تھا۔ آپس میں مارپیٹ ہوئی تھی۔ کافی ہنگامے کے بعد پولیس نے دونوں دھڑوں کے اکیس ممبران کو فساد برپا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ممبئی کی بھوئیواڑہ عدالت نے ایم این ایس کے چودہ ارکان کو دو روز کی پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔ گرفتار ممبران میں ایم ایل اے بالا ناندگاؤنکر بھی شامل تھے جنہوں نے یہ صفائی شروع کی ہے ۔ بالا ناندگاؤنکرنے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے وہ کبھی لاک اپ میں نہیں رہے اور جب پہلی بار لاک اپ دیکھا تو انہیں لگا کہ وہاں گندگی بہت ہے۔ بالا کے مطابق کوئی انسان پیدائشی گناہ گار نہیں ہوتا اسے حالات گناہ پر مجبور کر دیتے ہیں۔ پولیس لاک اپ یا جیل میں انسان ہی رکھے جاتے ہیں اس لیے انہیں صاف ستھرا ہونا چاہیے۔ بالا کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے تو یہ معاملہ اسمبلی میں اٹھا سکتے تھے لیکن انہوں نے ’لگے رہومنا بھائی‘ کی گاندھی گیری کو اپنانے کا فیصلہ کیا۔ خود جھاڑو اٹھایا تو ان کے ساتھ ایم این ایس کے دیگر رضاکار آدتیہ شیروڈکر، سریش پارکر، منوج پاٹے سمیت سب ہی نے صفائی شروع کر دی۔ بالا ناندگاؤنکر کا کہنا تھا کہ مہاتما گاندھی نے برسوں پہلے ہمیں جو سبق دیا تھا ہم اسے بھول بیٹھے ہیں۔ لیکن فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ نے ایک بار پھر انکے فلسفہ عدم تشدد کو اجاگر کیا ہے۔ ’دوسروں پر الزام تراشی اور محض چیخنے چلانے کی بجائے اگر ہر شخص اپنی ذمہ داری سمجھ کر کام کرنا شروع کر دے تو ملک بہت ترقی کرے گا اور یہی ہم نے کیا۔‘ آدتیہ شیروڈکر کے مطابق جیل میں انہیں صفائی کرتا دیکھ کر دیگر قیدی بھی ان سے متاثر ہوئے اور ان میں سے کئی نے قید سے رہائی کے بعد ان کی پارٹی میں شامل ہونے کا وعدہ بھی کیا ہے۔ | اسی بارے میں ’لگے رہو منا بھائی‘ بھی آسکر میں 29 September, 2006 | فن فنکار ڈاکٹروں کا حکومت کو الٹی میٹم 07 March, 2006 | پاکستان مہاراشٹر سے اسلحہ، بارود برآمد 15 May, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||