ٹونی بلیئر منموہن سنگھ مذاکرات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ کے وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے کہا ہے کہ یورپی یونين اور ہندوستان کےتعلقات تاریخی موڑ پر پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستان کے وزیر اعظم منموہن سنگھ سے مذاکرات کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ دونوں کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں غیر معمولی تبدیلیاں آئي ہیں۔ یورپی یونين اور ہندوستان کے سربراہی اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی بات کی گئی ہے۔بات چیت کے بعد دو مشترکہ بیان جاری کیے گئے ہیں جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں دونوں خطوں کے تعلقات کو کس طرح بہتر بنایا جائے ۔ نئی دلی میں تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دہشتگردی کسی بھی شکل میں ہو اور کسی بھی مقصد کے لیے ہو اسے جائز نہیں ٹہرایا جا سکتا۔ شدت پسندی پر قابو پانے کے لیے مسٹر سنگھ نے کہا کہ جو لوگ دہشتگردی کی مدد کر رہے ہیں انکے فنڈز پر روک لگانی چاہیئے ۔ جبکہ مسٹر بلیئر نے کہا کہ کسی بھی حالت میں شدت پسندی کسی مسئلہ کا حل نہیں ہو سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر بلیئر نے پاکستا ن کے حوالے سے کہا کہ دہشت گردی کے سلسلے میں پاکستان کی طرف سے جو بیانات آئے ہیں وہ بہت حوصلہ افزا ہیں اور اس سلسلے میں وہاں جو اقدامات کیے جارہے ہیں وہ دہشتگردی سے نمٹنے میں یقیناً کارآمد ثابت ہوں گے۔ مشترکہ بیان میں عالمی اور علاقائی سلامتی، تخفیف اسلحہ جیسے معاملات پر ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان بات چیت جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹونی بلیئر یورپی یونین کےصدر کے طور پر اس بات چیت میں شریک ہوئے ان کے ساتھ یورپی یونین کےجنرل سیکریٹری ہیوئر سولانا اور پیٹر مینڈلسن شریک ہوئے ۔ ہندستانی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ وزیر خارجہ نٹور سنگھ ، صنعت اور تجارت کے وزیر کمل ناتھ، قومی سلامتی کے مشیر ایم کے نارائن اور کئی سینئر اہلکار موجود تھے۔ دونوں فریقوں نے ماہرین کا ایک گروپ تشکیل دیا ہے جو باہمی تجارت کو فروغ دینے کے طریقےتلاش کرے گا۔ یورپی یونین ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ ہندوستان کی 24 فیصد برآمدات اسی خطے کو جاتی ہیں ۔ یورپی یونین اور ہندوستان کے درمیان تقریباً 35 بلین یورو کی تجارت ہوتی ہے اندازہ ہے کہ یہ مالیت اس برس 50 بلین تک پہنچ جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||