افغان پارلیمان کا سنگِ بنیاد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی وزیرِاعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کابل میں ہونے والی ایک تقریب میں افغان پارلیمان کا سنگِ بنیاد رکھا ہے۔ اس سے قبل اتوار کو افغان صدر حامد کرزئی اور بھارتی وزیرِاعظم نے ایک ایسے سکول کا افتتاح کیا تھا جسے بھارت کی مدد سے دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ منموہن سنگھ گزشتہ تین عشروں میں افغانستان کا دورہ کرنے والے پہلے وزیرِاعظم ہیں۔ افغانستان، بھارت کا اہم سٹریٹجک حامی ہے جبکہ بھارت افغانستان کو سب سے زیادہ امداد فراہم کرنے والا ملک ہے۔ بھارتی وزیرِاعظم کے دورہ افغانستان کے دوران افغان صدر اور وزیرِاعظم کے درمیان جنوبی ایشیا کے ممالک کی تنظیم سارک کے ممبر ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ افغان صدر نے اس موقع پر کہا ہے کہ ’ افغانستان سارک کے سلسلے میں بہت دلچسپی رکھتا ہے‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کے عمل سے بہت خوش ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ افعانستان، پاک بھارت تعلقات سے بلاواسطہ طور پر متاثر ہوتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس خطے کے عوام کے نصیب میں امن اور خوشحالی لکھ دی گئی ہے‘۔ کابل میں بی بی سی کے نمائندے سنجیو شریواستو کا کہنا ہے کہ منموہن سنگھ نے اپنے دورہ افغانستان کو افغانستان کی تعمیرِ نو میں بھارت کی دلچسپی ظاہر کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔ بھارت طالبان دور کے خاتمے سے اب تک افغانستان میں پانچ سو ملین ڈالر خرچ کر چکا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||