آئل رگ حادثہ، 10ہلاک،20 لاپتہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی حکومت نے بحیرہ عرب میں واقع بھارتی آئل پلیٹ فارم میں آگ لگنے سے دس لوگوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ بھارت کے وزیر پیٹرولیم منی شنکرائیرنے بتایا ہے کہ جہاز پر پھنسے ہوئے تقریباً چار سو لوگوں کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔اس آتشزدگی میں دس لوگ ہلاک ہو گئے ہیں اور بیس ابھی تک لاپتہ ہیں۔ منی شنکر ائیر کا کہنا تھا ’ آگ بڑے پیمانے پر لگی اور یہ آئل رِگ (تیل نکالنے کا پلیٹ فارم) مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے‘۔ آگ مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر تیس منٹ پر شروع ہوئی۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آگ ایک موبائل پلیٹ فارم کے ساکن پلیٹ فارم سے ٹکرانے سے لگی۔ بمبئی ہائی فیلڈ میں واقع یہ آئل پلیٹ فارم حکومتی آئل کمپنی ’او این جی سی‘ کی ملکیت ہے اور یہاں سے روزانہ دو لاکھ ساٹھ ہزار بیرل تیل نکالا جاتا ہے۔ بمبئی ہائی فیلڈ بھارت کا سب سے بڑا آئل فیلڈ ہے اور ملکی پیداوار کے نصف کے برابر خام تیل یہیں سے نکلتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||