نئی دہلی: امریکی سفارت خانہ بند | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے مختلف شہروں میں قائم امریکی قونصل خانوں پر دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے خطرے کے باعث سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور دارالحکومت نئی دہلی میں امریکن لائبریری اور سفارت خانے کے ویزا سیکشن جمعرات کو بند رہے۔ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے ایک بیان میں کہا گیا گیا ہے: ’سکیورٹی کے خدشات کی روشنی میں، نئی دہلی میں امریکن سنٹر کی لائبریری اور امریکی سفارت خانے کا ویزا سیکشن اور امیگریشن آفس عوام کے لئے پانچ اگست کو بند رہیں گے۔‘ تاہم اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ اگست کو بھی امریکی شہریوں کو ایمرجنسی سروِسز مہیا کرنے کی تمام کوششیں کی جائیں گی۔ لیکن ممبئی، چیننئی اور کلکتہ میں امریکی سفارت خانہ حسب معمول کھلا رہا۔ نئی دہلی سے بی بی سی اردو سروس کے نامہ نگار شکیل اختر نےاطلاع دی ہے کہ نئی دہلی میں امریکی لائبریری اور اطلاعات کا مرکز جمعرات کو دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر بند رہے۔ امریکن لائبریری اور سفارت خانہ نئی دہلی میں مختلف مقامات پر ہیں۔ ہمارے نامہ نگار نے کہا کہ امریکی سفارت خانے کے حکام نے دہشت گردی کے حلموں کے بارے میں موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی نوعیت پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تاہم انہوں نے پولیس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دہلی میں امریکی سفارت خانے کے ارد گرد بدھ کی شام سے سکیورٹی میں زبردست اضافہ کر دیا گیا ہے۔ امریکی سفارت خانے کو جانے والے راستوں پر کئی مقامات پر پولیس کی چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں ہیں اور امریکی سفارت خانے کو جانے والی گاڑیوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ بھارت کے دیگر شہروں مدراس ، کلکتہ اور ممبئی میں بھی امریکی قونصل خانوں کے اردگرد سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ پاکستان میں گرفتار ہونے والے القاعدہ کے مبینہ ارکان کے پاس سے برآمد ہونے والے کمپیوٹروں سے ملنے والی معلومات کے بعد نیو یارک اور واشنگٹن میں عالمی مالیاتی اداروں کی عمارتوں پر سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||