اٹلی کے لوگوں کو انوکھی دھمکی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک عربی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے ایک وڈیو ٹیلی کاسٹ کی ہے جس کے مطابق عراق کے ایک مسلح گروہ نےاٹلی کے تین شہریوں کو یرغمال بنا کر رکھا ہوا ہے۔ اِن لوگوں کو بارہ اپریل کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ بغداد سے ٹیکسی میں روانہ ہو رہے تھے۔ ’گرین بٹالین‘ کہلانے والے گروہ نے یہ دھمکی دی ہے کہ اگر اٹلی کے لوگوں نے عراق میں اپنے فوجیوں کی موجودگی کے خلاف پانچ دن کے اندر اندر مظاہرہ نہ کیا تو یرغمال لوگوں کو ہلاک کر دیا جائے گا۔ دو ہفتے قبل ایک اطالوی یرغمالی کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس وقت کئی ممالک کے شہری اور ایک امریکی فوجی عراق میں یرغمالی ہیں۔ دبئی میں ٹیلی ویژن چینل العربیہ سے نشر ہونے والی رپورٹ میں تین افراد کو ایک میز کے گِرد بیٹھ کر انگلیوں سے کھانا کھاتے دکھایا گیا ہے۔ ُن کی داڑھی بڑھی ہوئی ہے۔ روم میں بی بی سی کے نامہ نگار فرانسس ہیریسن نے کہا کہ وڈیو فِلم میں یرغمالیوں کو زندہ دیکھ کر ان کے رشتہ داروں کو کافی حوصلہ ہوا ہے۔ تاہم ان کو تازہ ترین دھمکی کی وجہ سے صورتحال کی سنجیدگی کا احساس ہے۔ اس وقت اِٹلی کے تین ہزار فوجی تعمیرِ نو اور انسانی حقوق کے کاموں میں حصہ لینے کے لئے عراق میں موجود ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||