مدھیہ پردیش: بھارتی جیل سے سات قیدی فرار

فرار ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سیمی سے بتایا جاتا ہے
،تصویر کا کیپشنفرار ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سیمی سے بتایا جاتا ہے

بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کھنڈوا کی جیل سے منگل کی صبح سات قیدی فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تمام افراد کالعدم تنظیم سٹوڈنٹ اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) سے تعلق رکھتے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ان میں سے ایک قیدی کو بعد میں پولیس نے کھنڈوا کی سرودیہ کالونی سے گرفتار کر لیا۔

مقامی صحافی رشی پانڈے نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح رونما ہوا جب سات قیدی جیل کے بیت الخلا کی دیوار توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ان قیدیوں کو جب جیل کی حفاظت پر مامور عملے نے روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا اور پھر ایک محافظ کی رائفل چھین کر فرار ہو گئے۔

پولیس نے فرار ہونے والے قیدیوں کے نام امجد، ابو فیصل، جابر حسین، اعجاز حسین، اسلم، محبوب اسمعیل اور عابد مرزا بتائے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بعد میں پولیس نے عابد مرزا کو سرودیہ کالونی سے گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق جیل سے فرار ہونے والے باقی قیدیوں کو پکڑنے کے لیے مہم جاری ہے۔

ان مفرور مجرموں میں سے ایک جابر حسین کو پولیس نے اے ٹی ایس کے جوان سیتارام یادو کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔