اڈوانی ہمارے لیڈر، سرپرست ہیں: راج ناتھ

بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں اور وہ اب بھی ان کے سرپرست ہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اڈوانی بی جے پی میں تنہا نہیں ہوئے ہیں اور انہوں نے کبھی نہیں کہا ہے کہ مودی کو وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار نہیں بنایا جانا چاہئے۔
جمعہ کو گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو بی جے پی کی طرف سے وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار بنائے جانے کے بعد سے پارٹی کے کئی لیڈر اڈوانی کو منانے میں لگے ہوئے ہیں۔
اڈوانی شروع سے ہی وزیر اعظم کے عہدے کے لیے مودی کی امیدواری کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
سنیچر کو بی جے پی کے صدر نے کہا کہ وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کے طور پر نامزدگی کے بعد مودی نے براہ راست اڈوانی کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی۔
مودی کی امیدواری کا فیصلہ کرنے کے لیے جمعہ کو بلائی گئی بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں بھی اڈوانی نہیں گئے اور انہوں نے ایک خط لکھ کر پارٹی صدر راج ناتھ سنگھ کے کام کرنے کے طور طریقوں پر سوال اٹھائے۔
جب راج ناتھ سنگھ سے پوچھا گیا کہ کام کرنے کے ایسے کون سے طریقے ہیں جن پر اڈوانی کی ناراضگی ہے، تو انہوں نے کہا، ’اس بارے میں مجھے معلومات نہیں ہے۔‘
اڈوانی کو اپنا سرپرست قرار دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا ’ہمارا لیڈر، ہمارا سرپرست جو بھی ہم کو کہے گا، میں اس کو سنوگا اور اگر کہیں پر کوئی کمی ہوگی تو بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
راج ناتھ سنگھ نے نریندر مودی کو ایک بار پھر ملک کے سب سے مقبول رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کبھی شبہ نہیں تھا کہ انہیں وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار بنایا جائے گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ بھوپال میں ہونے والے پارٹی کے پروگرام میں کیا نریندر مودی اور لال کرشن اڈوانی ایک ساتھ ہوں گے، بی جے پی صدر نے کہا ’ہاں سب لوگ جائیں گے۔‘
کانگریس سمیت کئی پارٹیوں نے بی جے پی پر مودی کو آر ایس کے دباؤ میں وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار بنانے کا الزام لگایا ہے۔ لیکن راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی پر آر ایس ایس کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔
ممبئی میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انتخابات سے پہلے اور انتخابات کے بعد کے اتحادی چنے جائیں گے لیکن اس کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ این ڈی اے اتحاد کے موجودہ ساتھیوں کو اعتماد میں لے کر ہی کیا جائے گا۔
انہوں نے عام انتخابات کے لئے بی جے پی کی انتخابی مہم کمیٹی کی کمان کسی اور شخص کو سونپے جانے کے سوال پر کہا کہ اس بارے میں ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ ابھی نریندر مودی اس عہدے پر ہیں۔







