ماؤ نوازوں کا مسافر ٹرین پر حملہ، 4 ہلاک

یہ پہلا موقع ہے جب باغیوں نے کسی قومی شاہراہ پر دھماکہ کیا ہے
،تصویر کا کیپشنیہ پہلا موقع ہے جب باغیوں نے کسی قومی شاہراہ پر دھماکہ کیا ہے

بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع كوراپٹ میں منگل کی صبح مشتبہ ماؤ نواز باغیوں کی طرف سے کیےگئے ایک دھماکے میں بارڈر سکیورٹی فورسز کے چار جوان ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دو دیگر جوان شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دھماکے میں چار جوانوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ریاست کے پولیس ڈائریکٹر جنرل پرکاش مشرا نے کہا کہ واقعے کے بارے میں خبر ملتے ہی كوراپٹ سے پولیس کی ایک ٹیم جائے حادثہ کے لیے روانہ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ماؤ نواز باغیوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

حملے میں زخمی ہوئے جوانوں کو فوری طور پر سونكي کے ہسپتال میں داخل کیا گیا لیکن حالت نازک ہونے کی وجہ سے انہیں وشاكھاپٹنم منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ صبح ساڑھے سات بجے نیشنل ہائی وے نمبر 26 پر سونكي وادی کے رالےگڈا میں پیش آيا۔

حملے کے وقت بی ایس ایف کی 161 ویں بٹالین کے 18 جوان تین گاڑیوں میں سوار ہو کر كوراپٹ سے وشاكھاپٹنم جا رہے تھے۔

دھماکے میں ایک گاڑی کے مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ باقی دو گاڑیاں بال بال بچ گئیں۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب باغیوں نے کسی قومی شاہراہ پر دھماکہ کیا ہے۔

بھارت کی کئي ریاستوں میں ماؤنواز باغی حکومتی فورسز سے بر سرپیکار ہیں اور پولیس فورسز کے ساتھ اکثر و بیشتر ان کی جھڑپوں کی خبریں آتی رہتی ہیں۔