ہریانہ کی بھینس 25 لاکھ میں فروخت

بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ کے ایک کسان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی بھینس کو اکتالیس ہزار امریکی ڈالرز میں فروخت کیا ہے۔
ہریانہ کے کسان کپور سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے اپنی ’لکشمی‘ نامی بھینس کو آندھرا پردیش کے ایک کسان کو فروخت کیا۔
کپور سنگھ کا کہنا ہے کہ انھوں نے ’لکشمی‘ کو دو سال قبل ڈھائی لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا اور اب انھیں اس کی دس گنا قیمت ملی ہے۔
انھوں نے بتایا ’لکشمی ایک خاص بھینس ہے جو روزانہ اٹھائیس لیٹر دودھ دیتی ہے اور زیادہ مقدار میں دودھ دینے کی وجہ سے متعدد انعامات جیت چکی ہے‘۔
کپور سنگھ کے مطابق وہ لکشمی کو فروخـت نہیں کرنا چاہتے تھے تاہم جب نئے مالک نے مجھے منہ مانگی قیمت دی تو اسے بیچنا پڑ گیا۔
انھوں نے کہا کہ لکشمی کے نئے مالک راجیو سرپنچ نے انھیں گزشتہ سال انیس لاکھ روپے کی رقم کی پیشکش کی تھی تاہم انھوں نے وہ پیشکش ٹھکرا دی تھی۔
کپور سنگھ کے مطابق راجیو سرپنچ کو ان کی بھینس اتنی زیادہ پسند آئی کہ انھوں نے ’لکشمی‘ کی ویڈیو فلم بنا کر اپنے گاؤں والوں کو دکھائی۔
’لکشمی‘ کی اتنی زیادہ قیمت ملنے پر کپور سنگھ بہت خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس رقم سے اپنی بیٹی کی شادی کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کپور سنگھ نے کہا کہ ان کا خاندان بیس افراد پر مشتمل ہے اور لکشمی کا پورا دودھ ان خاندان کے ہی کام آ جاتا تھا۔
بھارت میں زیادہ دودھ دینے والی بھینسوں کی مانگ زیادہ ہوتی ہے اور ان کی قیمت ایک لاکھ سے پچیس لاکھ کے درمیان ہوتی ہے۔
بھارت میں ایک بھینس کی اتنی بھاری قیمت میں ایک چھوٹی بیش قیمت کار خریدی جا سکتی ہے۔
ادھر ’لکشمی‘ کے نئے مالک راجیو سرپنچ نے بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کو بتایا کہ وہ آندھرا پردیش میں آئندہ برس جنوری میں منعقد ہونے والے ’بہترین مویشی مقابلے‘ میں حصہ لیں گے جہاں جیتنے والے کو ایک کلو سونا دیا جائے گا۔







