
بھارت نے تین ہزا چھ سو کروڑ میں بارہ ہیلی کاپٹرز خریدے ہیں
اٹلی میں طیارہ اور دفاعی سازو سامان بنانے والی کمپنی فن میکانیکا کے سربراہ کو بھارتی حکام کو رشوت دینے کے الزام میں اٹلی کے شہر میلان میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اطالوی نیوز ایجنسی انسا نے کہا ہے کہ ’گيوسیپے اور سي کو بین الاقوامی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت کو 12 ہیلی کاپٹروں فروخت کے عمل میں ان پر بھارتی حکام کو رشوت دینے کا الزام ہے۔‘
اس دوران بھارت کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس معاملے میں بھارت کے تفتیشی ادارے سی بی آئی سے تحقیقات کرائی جائے گی۔ تاہم اٹلی کی حکومت نے اس سلسلے میں بھارت کو کوئی معلومات دینے سے انکار کیا ہے۔
بھارت کے وزارتِ خارجہ کے ترجمان سید اكبرالدين نے کہا ہے ’ہم نے روم میں واقع بھارتی سفارت خانے کے ذریعے اٹلی کی حکومت سے اس معاملے کی معلومات طلب کیں تھیں لیکن ہمیں بتایا گیا ہے وہاں اس معاملے پر قانونی عمل جاری ہے اس لیے اس سے متعلق کوئی معلومات کا تبادلہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔‘
بھارت نے اس سلسلے میں برطانیہ سے بھی معلومات طلب کی ہے، لیکن وہاں بھی اسے کامیابی نہیں ملی ہے۔
ایسے میں بغیر کسی معلومات کے تبادلے کے سی بی آئی اس معاملے میں ہندوستانی پس منظر میں ہی تحقیقات کر سکے گی۔
وزارت دفاع نے اطالوی کمپنی فن میکانیکا سے سنہ دوہزار دس میں تقریبا 3600 کروڑ روپے میں 12 انتہائی محفوظ اگستا ویسٹ لینڈ نامی ہیلی کاپٹروں کی خريدداري کی تھی جن میں سے تین ہیلی کاپٹر بھارت آ چکے ہیں اور باقی نو ہیلی کاپٹرز اس سال جون، جولائی کے مہینے تک بھارت کو سونپے جانے کی امید تھی۔
اس خریدو فروخت کے ایک سال بعد اٹلی کی میڈیا میں اس کے متعلق چند رپورٹیں شائع ہوئی جن کی بنا پر دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے اس سودے کو طے کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اس کے بعد سے اس دفاعی سودے کے متعلق تحقیقات شروع ہوئیں اور اب فن میکانیکا کے چیف ایگزیکٹو افسر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فن میکانیکا اٹلی کی کمپنی اگستا ویسٹ لینڈ کی معاون کمپنی ہے اور اس میں اطالوی حکومت کی تیس فیصد کی شراکت داری ہے۔
گيوسیپے اورسي 2011 سے فن میکینیكا کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔ وہ مسلسل خسارے کا شکار کمپنی میں نئی جان پھونکنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ان کی گرفتاری کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں تقریبا گیارہ فیصد گراوٹ درج کی گئي ہے۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بدعنوانی کے اس معاملہ میں تین دیگر افراد کو بھی نظر بند کر کے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ بدعنوانی کے اس معاملہ کی گونج اٹلی کے عام انتخابات کے ساتھ بھارت کے عام انتخابات پر بھی اثر دکھائے گی۔ اٹلی میں پارلیمانی انتخابات 24 ،25 فروری کو ہونے والے ہیں جبکہ بھارت میں یہ دو ہزار چودہ میں متوقع ہیں۔






























