خالدہ ضیاء سات روزہ دورے پر بھارت میں

آخری وقت اشاعت:  اتوار 28 اکتوبر 2012 ,‭ 15:22 GMT 20:22 PST
خالدہ ضیاء

خالدہ ضیاء بھارت کے ایک ہفتے کے دورے پر دلی پہنچ گئی ہیں۔

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء ایک ہفتے کے بھارتی دورے پر اتوار کو دلی پہنچ چکی ہیں۔

انھوں نے بھارت میں حزب اختلاف کی رہنما ششما سوراج سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔

بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق حزب اختلاف کی دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور آپسی افادیت کے مسئلوں پر بات کی ہے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما خالدہ ضیاء سنہ دوہزار چھ کے بعد پہلی بار بھارت کے دورے پر آئی ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے ملک کی وزیر اعظم کی حیثیت سے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

پیر کو خالدہ ضیاء بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کریں گی اور اس دورے میں صدر پرنب مکھرجی سے بھی ان کی ملاقات ہونی ہے۔

خالدہ ضیاء بھارت کی وزارت خارجہ کی دعوت پر بھارت آئی ہیں جو کہ بنگلہ دیش میں جمہوری اور ملٹی پارٹی نظام کے قیام کے سلسلے میں بھارت کے ساتھ جاری تعلقات کا حصہ ہے۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان پانی کے شراکت کے اہم سمجھوتے ’تیستا‘ پر وسیع مفاہمت بھی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اہم سمجھوتہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی مخالفت کی وجہ سے نہیں ہو سکا۔ اس سے قبل گذشتہ سال بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ڈھاکہ کے دورے کے دوران اس جانب کوشش کی گئی تھی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے حزب اختلاف کی رہنما کو بھارت اس لیے بھی آنے کی دعوت دی ہے کہ وہ یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ دو طرفہ تعلقات کے لیے وہ صرف شیخ حسینہ کی قیادت والی حکومت سے ہی رابطے میں نہیں ہے۔

بیگم خالدہ ضیاء بھارت کے نئے وزیر خارجہ سلمان خورشید، قومی سلامتی کے مشیر اور خارجہ سیکریٹری سے بھی ملاقات کریں گی۔

بنگلہ دیشی رہنما اپنے اس ایک ہفتے کے دورے میں جو کہ نومبر تین کو ختم ہو رہا ہے اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر بھی حاضری دیں گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>